افغانستان: فائرنگ سے پانچ پاکستانی ہلاک

بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

افغانستان کے جنوبی شہر قندھارمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پاکستانی تعیراتی کمپنی میں کام کرنے والے پانچ پاکستانی مزدور ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں کی لاشیں آج چمن کے راستے پاکستان روانہ کی جا رہی ہیں۔

بلوچستان سے ملحقہ افغانستان کے جنوبی شہر قندھار میں جمعرات کی صبح موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ پاکستانی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
یہ واقعے اُ س وقت پیش آیا جب کندھار میں ایک پاکستانی تعمیراتی کمپنی (سائیتا) کے مزدور کام کے سلسلے میں کندھارسے پنجوائی جارہے تھے۔

فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے میر وائیس ہسپتال قندھار لایا گیا ۔

اس واقعہ میں طالبان کا ہاتھ ہوسکتا ہے جو نہ صر ف علاقے میں امن وامان خراب کرنا چاہتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے اچھے تعلقات کو بھی خراب کرنا چاہتے ہیں۔

پولیس افسر محمدشاہ فاروقی

قندھار کےمقامی صحافی نور خان خلجی کے مطابق پوسٹمارٹم کے بعد ان لاشوں کو براستہ چمن پاکستان روانہ کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ہلاک ہونے والے افراد کاتعلق پاکستان کے کس علاقے سے ہے۔

دوسری جانب قندھار پولیس کے ایک افسر محمد شاہ فاروقی نے بتایا ہے کہ واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

فاروقی کے مطابق ’اس واقعہ میں طالبان کا ہاتھ ہوسکتا ہے جو نہ صر ف علاقے میں امن وامان خراب کرنا چاہتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے اچھے تعلقات کو بھی خراب کرنا چاہتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ مذکورہ کمپنی گذشتہ کئی سالوں سے افغانستان میں سڑکوں کی تعمیر کا کام کر رہی ہے اور پچھلے برس قندھار میں اسی کمپنی کے دفتر کے قریب ایک خود کش حملے میں پندرہ سے زائد پاکستانی ہلاک ہوئے تھے۔

اگرچہ اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تھی لیکن افغان حکومت نے اس کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیا تھا۔

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم