پنجاب میں دہشت گردوں کے اڈے ختم کئے جائیں، آئندہ ٹائمز اسکوائر جیسا واقعہ ہوا تو پاکستان کو سنگین نتائج بھگتنا پڑینگے، امریکا

واشنگٹن (روزنامہ جنگ ) امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ   میں 
 امریکا پاکستان سے مزید تعاون کی توقع رکھتا ہے اور اگر اسلام آباد کہے تو امریکا مزید امداد دی کیلئے تیار ہے ، اس کے ساتھ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر مستقبل میں ٹائمزاسکوائر جیسا واقعہ ہوا تو پاکستان کو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے جبکہ امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا رابرٹ بلیک نے کہا ہے کہ پاکستان پنجاب سے دہشت گردوں کے اڈے ختم کرے۔
امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگرچہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون کررہا ہے تاہم اسے مزید اقدامات کرنے ہوں گے، ٹائمز اسکوائر بم سازش میں فیصل شہزاد ملوث ہے جس نے پاکستان سے تربیت حاصل کی ہے۔ ہلیری کلنٹن نے اس بات کا اعتراف کیا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی جانب سے تعاون میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور وہ بھرپور تعاون کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے اور فوجی ، انٹیلی جنس اور حکومتی سطح پر تعاون بڑھا ہے جو پہلے موجود نہیں تھا۔ماضی میں تعلقات میں شبہات تھے اور ڈبل گیم جاری تھی جس سے ہم نے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کئے لیکن اب ہم نے دیکھا پاکستان دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتارکررہا ہے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انتہا پسندوں کیخلاف جاری جنگ بہت مفید ثابت ہوئی ہے مگر امریکا پاکستانی حکومت سے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں مزید تعاون کی توقع رکھتا ہے دوسری جانب آن لائن کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان ٹائمز اسکوائر واقعے پر امریکی ردعمل سے آگاہ ہے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،ابھی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ٹائمز اسکوائر سازش کی مذمت کی ہے پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کیلئے مزید تعاون کی ضرورت ہے، فیصل شہزاد کے طالبان سے رابطوں اور دیگر معاملات کی تحقیقات جاری ہیں وہ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔ دریں اثناء امریکا کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا رابرٹ بلیک نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاک بھارت امن مذاکرات کے دشمن ہیں، پاکستان اندرون ملک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے اور پنجاب میں دہشت گردوں کے اڈے ختم کئے جائیں۔ گزشتہ روز غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ بلیک نے کہا کہ پنجاب میں طالبان کی بنیاد کو ختم کیا جائے اور ان کے گروپ ختم کئے جائیں یہ دہشت گرد نہ صرف بھارت بلکہ امریکا کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے انسداد دہشت گردی آپریشن کو افغان سرحد سے لیکر پنجاب تک وسعت دینا چاہئے جہاں پر زیادہ تر بھارت مخالف گروپ لشکر طیبہ موجود ہے۔امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کیناس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان ڈرائیونگ سیٹ پر ہے اور وہ پاکستان کیلئے مزید اقدامات کرنا چاہتے ہیں،نیویارک ٹائمز اسکوائر سازش سے متعلق پاکستان کو مزید معلومات درکار ہوئیں تو فراہم کی جائیں گی۔

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم