تحریک انصاف میں ایک اور فارورڈ بلاک بن گیا



لاہور (ڈیلی پاکستان سے
) پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں چوتھا دھڑا منظر عام پر آگیا ہے، یونٹی انصاف، یوتھ انصاف اور سونامی انصاف کے بعد پنجاب میں انصاف مرکز گروپ کے نام سے ایک نئے دھڑے نے جنم لیا ہے یوں عام انتخابات بالخصوص پی ٹی آئی کے پارٹی الیکشن کے بعد دھڑا بندیوں کا سلسلہ تھم نہیں پایا اور پارٹی کی اندرونی سیاست نئے دھڑوں کی تشکیل کا سبب بن رہی ہے۔ انصاف مرکز گروپ کے نام سے گزشتہ روز سامنے آنے والے نئے دھڑے کا ہیڈ آفس گلبرگ مین بلیوارڈ میں قائم کیا گیا ہے اس گروپ میں پنجاب اسمبلی کے کئی اراکین سمیت پارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر، ٹکٹ سے محروم رہنے والے سابق امیدوار اور پارٹی کے کئی صوبائی ریجنل اور ضلعی رہنما شامل ہیں۔ گزشتہ روز پارٹی کے اس نئے دھڑے نے گلبرگ آفس میں اپنی باقاعدہ تشکیل کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ایم پی اے ڈاکٹر مراد راس، سعدیہ سہیل، ولید اقبال، حماد اظہر، شیخ امتیاز، چودھری اصغر گجر، ملک ظہیر عباس کھوکھر، نعیم میر، انور نت، نذیر چوہان، محمد مدنی سمیت دیگر سیاسی رہنما شامل تھے جن کا موقف تھا کہ پنجاب اور لاہور سطح پر پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے، کارکنوں کو حقوق نہیں دئیے جارہے، انہیں یکسر فراموش کرکے پسند ناپسند کی بنیاد پر جو سلوک روا رکھا جارہا ہے اس سے پارٹی کمزور ہورہی ہے اسی بناء پر ہم نے کارکنوں کی بحالی کی خاطر انصاف مرکز گروپ تشکیل دیا ہے ہم نے کارکنوں کے مسائل اور حقوق کی بحالی کے حوالے سے قیادت کو کئی بار آگاہ کیا لیکن کسی نے سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا۔ اب حالیہ معاملات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی آگاہ کیا گیا ہے اور ہم نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر کارکنوں کو ان کا جائز مقام دلائیں۔ دوسری جانب اس حوالے سے جب تحریک پنجاب کے صدر اعجاز چودھری گفتگو کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ محض لاہور کا ایشو ہے جن لوگوں کو الیکشن میں ٹکٹ نہیں ملے یا جو لوگ آگے بیٹھنا چاہتے تھے اور ناکام ہوئے وہ اس قسم کی باتیں کررہے ہیں۔ پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں فارورڈ بلاک نہیں بنا کرتے یہ تو محض اسمبلیوں کے اندر بنائے جاتے ہیں، سیاسی پارٹیوں میں سیاسی اختلافِ رائے ہوتا ہے، پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے سیاسی اختلافِ رائے ضرور موجود ہے جس کے لئے فارورڈ بلاک کی اصطلاح استعمال کرنا درست نہیں میں نہیں سمجھتا کہ پارٹی دھڑے بندی کا شکار ہے سیاسی اختلافِ رائے کو دھڑے بندی کا نام کیوں دیا جارہا ہے۔ لاہور کے جو لوگ اس قسم کا اختلاف کررہے ہیں ان سے گفتگو کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم