#Pakistan Army’s yesterday statement was a warning to the world and Inida – Najam Sethi – read more >>

کراچی(روزنامہ جنگ) سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے اندر پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات ہوجائے گی،پاک فوج کے ترجمان کا بیان بھارت اور عالمی برادری کیلئے پیغام ہے، پاکستان اگر ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا تو وزیراعظم نواز شریف فوراً آسٹریلیا پہنچ جائیں گے ،ممکن ہے نریندر مودی بھی وہاں پہنچ جائیں اور وہاں کرکٹ ڈپلومیسی شروع ہوجائے،پاکستان ورلڈکپ میچ میں بھارت کو ہرا دے گا،چوہدری سرور نے پہلے ہی تحریک انصاف جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہوا تھا، عمران خان نےچوہدری سرور سے تحریک انصاف کا صدر بنانے کا وعدہ کرلیا تھا مگر بعد میں عمران خان کو لوگوں نے سمجھایا کہ یہ صحیح نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان منیب فاروق کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان نے دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں پہلی دفعہ کھل کر بات کی ہے، پاک فوج کو غصہ ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے اس کی توجہ ہٹائی جارہی ہے، فوجی ترجمان کا بیان بھارت اور عالمی برادری کیلئے پیغام ہے، پاکستان کی طرف سے تعلقات بہتر بنانے کی تمام کوششوں کو بھارت نے ختم کردیا ہے، بھارت نے حکمت عملی کے تحت ورکنگ بائونڈری پر جارحیت کی ہے تاکہ پاکستان فوج کی توجہ افغان سرحد سے ہٹائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سمجھ چکا ہے کہ مودی حکومت پاکستان کو تنگ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بھارت جانتا ہے کہ اگر پاکستان نے طالبان کو شکست دیدی تو پاک فوج دوبارہ بھارتی سرحد پر آجائے گی، پاک فوج نے بھارت کو پیغام دیدیا ہے کہ آپ خطرناک کھیل نہ کھیلیں، ہم بھی کمزور نہیں ہیں اور بھارتی پالیسی کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں، نواز شریف کی ڈپلومیسی بھی انہی خطوط پر چل رہی ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے دورئہ بھارت کے اتنے دن بعد وزیراعظم نواز شریف سے گفتگو کی وجہ یہ ہے کہ امریکا، بھارت کی طرف سے ردعمل کا انتظار کررہا تھا، بھارت نے امریکا کو اشارہ کردیا ہے کہ آپ پاکستان کو بتادیں کہ ہم پاکستانی وزیراعظم کے مثبت قدم کے جواب میں ایک قدم اٹھارہے ہیں، نریندر مودی نے نئے سیکرٹری خارجہ کا تقرر کیا ہے جو سارک ممالک کا دور کرے گا، اس دورے کا اصل مقصد پاکستان سے مذاکرات بحال کرنا ہے، ایک ماہ کے اندر پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات ہوجائے گی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ کے حوالے سے نواز شریف اور نریندر مودی کی بات ضرور ہوئی ہوگی، پاکستان اگر ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا تو وزیراعظم نواز شریف فوراً آسٹریلیا پہنچ جائیں گے ،ممکن ہے نریندر مودی بھی وہاں پہنچ جائیں اور وہاں کرکٹ ڈپلومیسی شروع ہوجائے،پی سی بی نے وزیراعظم نواز شریف سے کسی غیرملکی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بلانے کی اجازت مانگی تو انہوں نے یہ رسک لینے سے منع کردیا، پاکستان ورلڈکپ میچ میں بھارت کو ہرا دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ چینی صدر پاکستان کا دورہ ضرور کریں گے مگر انہیں 23مارچ کو آنے کی دعوت نہیں دی جائے گی کیونکہ ان کی آمد سے قبل یا آمد پر کوئی دہشتگرد حملہ ہوجاتا ہے تو ان کا دورہ پھر منسوخ ہوجائے گا۔سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر نجم سیٹھی نے کہا کہ چوہدری سرور نے پہلے ہی تحریک انصاف جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہوا تھا ، کیونکہ وہ عمران خان سے بہت متاثر ہیں، گورنر پنجاب کا عہدہ چھوڑنے سے قبل چوہدری سرور کا پس منظر میں عمران خان سے رابطہ بھی تھا، چوہدری سرور کو ایک تجویز یہ تھی کہ آپ کچھ وقت کیلئے خاموش بیٹھ جائیں جبکہ دوسری تجویز یہ تھی کہ آپ یا تو لندن چلے جائیں اور اگر پاکستان میں رہنا ہے تو وقت ضائع نہ کریں اور کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کردیں، عمران خان نے ،چوہدری سرور سے انہیں تحریک انصاف کا صدر بنانے کا وعدہ کرلیا تھا مگر بعد میں عمران خان کو لوگوں نے سمجھایا کہ یہ صحیح نہیں ہے۔





أحدث أقدم