GB jailbreak: Prisoner involved in Nanga Parbat attack killed

گلگت جیل سے نانگا پربت حملے کا ایک ملزم فرار، دوسرا مارا گیا

گلگت: گلگت کی ڈسٹرکٹ جیل سے غیر ملکی سیاحوں کے قتل کے الزام میں گرفتار 2 قیدیوں سمیت 4 ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک ہلاک، ایک زخمی اور 2 فرار ہوگئے جب کہ ہلاک اور فرار ہونے والے قیدی نانگا پربت حملے میں ملوث تھے۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے 4 قیدیوں نے رات گئے فرار ہونے کی کوشش کی جن میں نانگا پربت حملے کے 2 ملزمان بھی شامل ہیں۔ جیل کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے قیدیوں کے فرار ہوتے دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں غیر ملکی سیاحوں پر حملے کا ایک ملزم موقع پر مارا گیا جبکہ 2 فرار ہوگئے جن میں سیاحوں کے قتل میں ملوث ملزم بھی شامل ہے اور چوتھا قیدی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری راجہ سکندر سلطان کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے جیل پر حملہ نہیں کیا گیا بلکہ 4 قیدیوں کی جانب سے فرار ہونے کی کوشش کی گئی  جن کے بارے میں جیل میں موجود افراد کا خیال ہے کہ ان کے پاس اسلحہ تھا یا انہوں نے اپنے پاس ہتھیار ہونے کا ڈھونگ رچایا اور فرار کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے نانگا پربت کا ایک قیدی حضرت بلال ہلاک اور دوسرا حبیب الرحمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ آئی جی گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتای کے لئے چھاپہ مار کارروائی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ 22 جون 2013 کو بیس کیمپ پر10غیرملکی کوہ پیماؤں سمیت 11 افراد قتل کردیے گئے تھے جن کا تعلق یوکرائن، چین، امریکا اور روس سے تھا جب کہ قتل کےالزام  میں گرفتار ملزمان کو گلگت کی ڈسٹرکٹ جیل میں رکھا گیا تھا۔ ایکسپریس نیوز





Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم