رینجرز کا ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ ، علاقہ سیل ، ممنوعہ اسلحہ برآمد، جرائم پیشہ افراد گرفتار،متحدہ کا احتجاج ، ہڑتال کااعلان
کراچی (ڈیلی پاکستان ویب ) متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر سندھ رینجرز نے چھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ، غیرقانونی اسلحہ برآمد کرکے جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیاہے اور اِس ضمن میں مزید چھان بین جاری ہے جبکہ اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کردیاگیا،نائن زیرو کے ارد گر د رینجرز نے سیکیورٹی حصار قائم کردیاگیا جبکہ ایم کیوایم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیااور کارکنان کی بڑی تعداد مکاچوک پہنچ چکی ہے جو گاہے بگاہے نعرہ بازی کررہے ہیں ، رینجرز کی مزید نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی ہے اور نائن زیروکی طرف جانیوالی تمام 21گلیوں میں رینجرز کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ۔ ایم کیوایم کے احتجاج کے اعلان کے بعد سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی اور پرائیویٹ سکولزایسوسی ایشن نے سکول بند رکھنے کا اعلان کردیاگیا،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل کا ایک کیمرہ مین زخمی ہوگیا۔
سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر نے بتایاکہ کسی کو بھی کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، بلاتفریق جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر نائن زیروپر چھاپہ ماراگیااور دوگھنٹے تک کارروائی جارہی رہی جس دوران ایم کیوایم کی طرف سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی،مکمل تعاون کیاگیا اور ذمہ دارسیاسی جماعت ہونے کے ناطے وہ مستقبل میں بھی تعاون کی امید رکھتے ہیں ۔اُن کاکہناتھاکہ چھاپے کے دوران دیگر اسلحہ کے علاوہ کچھ ممنوعہ اسلحہ ملاہے جو ممکنہ طورپر نیٹو کنٹینرز سے چوری کیاگیا کیونکہ ایسے اسلحہ کی درآمد کی اجازت نہیں تاہم اس ضمن میں پوچھ گچھ کریں گے کہ یہ اسلحہ نائن زیروکیسے پہنچااور حتمی طور پر میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی ۔
کرنل طاہر کاکہناتھاکہ نقص امن کا خطرہ بننے والے افراد کو برداشت نہیں کیاجائے گا،ایم کیوایم کے عامر خان تحویل میں نہیں تاہم پوچھ گچھ کیلئے ساتھ رکھا اور چاہتے تھے کہ چھاپہ مارکارروائی کے دوران وہ موقع پر موجود رہیں جبکہ اُن سے یہ بھی پوچھیں گے کہ یہ جرائم پیشہ افراد اُن کے ساتھ کیوں تھے؟ 10سے 12گرفتار کیے گئے ہیں جن میں پانچ سے چھ افراد کامجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہیں حکومت کی طرف سے سزائے موت مل چکی ہے ،جہاں بھی مشتبہ افراد ہوں گے یا غیرقانونی کام ہوگا، نہیں چھوڑیں گے۔ اُنہوں نے بتایاکہ خورشید بیگم میموریل ہال سیل کرکے اُس کی تلاشی لی گئی اور دوسری منزل سے ممنوعہ سامان برآمد ہوا جس کے بعد مزید چھان بین کیلئے پولیس کے حوالے کردیاگیااور بعد ازاں ایم کیوایم کے حوالے کردی جائے گی ، کاروباری حضرات اپنا کاروبارجاری رکھیں ، ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں چلائیں ،نقص امن کا خطرہ بننے والے کسی فرد کو نہیں بخشیں گے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ذمہ داران کو کہہ دیاہے کہ فوری طور پر بیریئرز ہٹا دیں اور علاقے کو نوگو ایریانہ بنائیں ،داخلی وخارجی راستے بند کرکے آپریشن کیا گیا اور وہ مستقبل میں بھی ایم کیوایم سے مکمل تعاون کی امید رکھتے ہیں،کراچی کے کسی بھی علاقے میں نوگو ایریابرداشت نہیں ۔
آپریشن کے آخری مراحل میں نائن زیرو سے دور کسی جگہ پر نامعلوم افراد نے پانچ سے چھ فائرکیے اور نائن زیروپر موجود ایک نجی ٹی وی چینل کاکیمرہ مین زخمی ہوگیا ۔
ایم کیوایم کے ذمہ داران نے سیاسی مرکز پر چھاپے کے خلاف احتجاج کااعلان کرتے ہوئے حکومتی ذمہ داران سے نوٹس لینے کی اپیل کی ۔
متحدہ کے اعلان کے بعد ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہوناشروع ہوگئی اور پرائیویٹ سکول بند کردیئے گئے ۔
إرسال تعليق
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.