پشاور (ٹی او سی: مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں بچوں کو اغویٰ کرنے والے گینگ کی سرغنہ خاتون پکڑی گئی۔ ایک ریٹائرڈ ڈی ایس پی کی بیوی انور پری کو بچوں کے اغواء اور فروخت میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمہ چند روز قبل گرفتار ہونے والے نو رکنی گینگ کی رکن تھی۔
تفصیلات کے مطابق گینگ کے گرفتار ارکان نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اور حاضر سروس پولیس انسپکٹر کی بیوی بھی اس مکروہ کام میں ان کی ساتھی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ڈی ایس پی نے بیوی کو گرفتاری سے بچانے کیلئے انتہا حد تک کوشش کی اور سینئر پولیس افسران سے مدد مانگی مگر کسی نے اس کی مدد نہیں کی۔
پولیس حکام نے اس گھناؤنے کام میں ملوث ہر ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق بچوں کے اغواء اور فروخت میں ایک ایس ایچ او کی بیوی بھی ملوث ہے جس کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایس پی کینٹ پشاور کاشف ذوالفقار نے ملزمہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ملزمہ کوجیل بھیج دیا ہے تاہم انہوں نے کسی حاضر سروس پولیس انسپکٹر کی بیوی کا بچوں کے اغواء اور فروخت میں ملوث ہونے کے بارے میں نہیں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس جرم میں ملوث یا بچوں کے اغواء کاروں سے رابطوں میں ملوث کسی ملزم کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

إرسال تعليق
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.