کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں چین کے 2 بینکوں کو کاروبار کی اجازت مل گئی۔ اس سے قبل دی انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا پاکستان میں کاروبار کا آغاز کرچکا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے لیے بینک آف چائنا لمیٹڈ کو بینکاری کاروبار شروع کرنے کی اجازت دینا باعثِ مسرت ہے۔ قبل ازیں، اسٹیٹ بینک نے مئی 2017 میں اس بینک کو بینکاری لائسنس جاری کیا تھا۔ بینک آف چائنا نے پاکستان میں بینکاری کاروبار شروع کرنے کے لیے درکار اسٹیٹ بینک کے اہم ضوابطی اور آپریشنل تقاضوں کو پورا کیا ہے۔
بینک آف چائنا ،چین کی حکومت کے سرمایہ کاری بازو چائنا سینٹرل ہوئی جن کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔ سطح اول سرمائے اور مجموعی اثاثوں کے لحاظ سے بینک آف چائنا دنیا کا چوتھا اور پانچواں بڑا بینک ہے۔ یہ شنگھائی اسٹاک ایکس چینج اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکس چینج میں لسٹڈ ہے۔ عالمی سطح پر بینک آف چائنا کا کاروبار دنیا کے 50 ممالک میں پھیلا ہوا ہے جس میں سے 19 چین کے ون بیلٹ ون روڈ پر واقع ہیں۔
بینک آف چائنا پاکستان میں داخل ہونے والا چین کا دوسرا بینک ہے۔ پاکستان میں بینک آف چائنا کے داخلے سے نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے بلکہ یہ ملک کے بینکاری شعبے اور مستحکم معاشی امکانات پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو بھی ظاہر کرتا ہے۔بینک آف چائنا اپنے تجربے اور عالمی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق منصوبوں کی فنانسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسپیشلائزڈ بینکاری خدمات فراہم کرنا چاہتا ہے۔

إرسال تعليق
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.