اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت الدعوۃ اس کے ذیلی اداروں اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس پر پابندی لگا دی۔ وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور اس کے ذیلی اداروں کو عطیات اور چندہ دینے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ اس ضمن میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچنج کمپنی (ایس ای سی پی) نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
ایس ای سی پی کے سیکریٹری بلال رسول کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی اقوام متحدہ کی قرارداد 1267کی روشنی میں عائد کی گئی ہے۔ حکومت نے حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو سرکاری تحویل میں لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 18 دسمبر کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تینوں سروسز چیف، وزارت داخلہ اور خارجہ کےسیکریٹری بھی شریک تھے اور انہوں نے حافظ سعید پر عالمی پابندیوں اور پاکستان پر لگنے والے الزامات پر بریفنگ دی تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اس اجلاس میں فیصلہ کیا کہ پہلے مرحلے میں جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیرشن کی ایمبولینس سروس اور فنڈنگ کے ذرائع معلوم کیے جائیں گے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک دونوں اداروں کی فنڈنگ سمیت اثاثوں کے ذرائع کے ریکارڈ بھی ترتیب دیں گے۔ جماعت الدعوۃ کے تمام منصوبے حکومت پنجاب چلائے گی اور مرید کےمرکز بھی حکومت پنجاب تحویل میں لے گی اور مرکز کا نام بھی تبدیل کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ اس حوالے سے تمام کام مکمل کرکے رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کریگا اور اس ضمن میں انٹیلی بیورو کو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ فیصلے پر جلد عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکموں کو خطوط بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔ کمپنیوں پرجماعت الدعوة اور فلاحی انسانیت کو عطیات دینے پر پابندی عائد اور خلاف ورزی کرنے پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ کیا جاسکے گا۔

إرسال تعليق
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.