کمشنر کی سرپرستی میں چترال میں امدادی پیکیج کی تقسیم کے نام پر ہزاروں لوگوں کا اجتماع ایک نہایت غیر سنجیدہ اور افسوسناک فعل ہے: ایم پی اے وزیر زادہ
چترال (محکم الدین 11 اپریل 2020) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی و چیرمین ڈیڈک وزیر زادہ نے کہا ہے ۔ کہ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی سرپرستی میں چترال میں امدادی پیکیج کی تقسیم کے نام پر ہزاروں لوگوں کا اجتماع ایک نہایت غیر سنجیدہ اور افسوسناک فعل ہے ۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پشاور سے ٹیلیفوں پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ شاہد آفریدی ہمارے ہیرو ہیں ۔ ہم اُن کی دل سے عزت کرتے ہیں ۔ لیکن یہ وقت اُن کے چترال آنے اور جلسہ منعقد کرنے کا نہیں تھا ۔ وہ اپنی امدادی پیکج بڑا اجتماع منعقد کئے بغیر بھی مستحقین تک پہنچا سکتے تھے ۔ جس طرح دیگر فاونڈیشن اور ادارے پہنچا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کی ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ ڈیڑھ مہینوں کے دوران کرونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے قابل تعریف کام کئے ۔ یہاں قائم کئے گئے قرنطینہ پورے صوبے کیلئے ایک مثال تھے ۔ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے ۔ کہ گذشتہ روز شاہد آفریدی فاونڈیشن کی طرف سے خوراک پیکیج تقسیم کے نام پر انتظامیہ کی زیر نگرانی میں خود حکومتی ہدایات کو پامال کیا گیا ۔ اور ایسے وقت میں جبکہ پورے ملک میں شادی اور جنازے میں شرکت پر پابندی ہے ۔ اور ملک کے تمام لوگ اضطرابی کیفیت سے دوچار ہیں ۔ کلچرل شو کا انعقاد بھی باعث افسوس ہے ۔ اس سے چترال انتظامیہ کی اچھی کار کردگی پر کئی سوالات اُٹھ گئے ہیں ۔ اور یہ کام کمشنر ملاکنڈ کے دباءو پر انجام دیا گیا ہے ۔ وزیر زادہ نے چترال کے لوگوں سے پُر زور اپیل کی ۔ کہ شاہد آفریدی کی طرف سے پیکیج تقسیم کے موقع پر جو غلطی سرزد ہوئی ہے ۔ اُس کو جواز بنا کر اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں ، اور دوبارہ ایسی غلطی نہ ہونے دیں ۔ انہوں نے کہا ۔ ایسی صورت میں نقصان خود ہمارا ہی ہو گا ۔
معاون خصوصی نے کہا ۔ کہ اب ماہ رمضان قریب ہے ۔ اس مہینے میں مزید لوگ چترال کی طرف آ جائیں گے ۔ اس لئے ہماری کوششوں سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیم چترال آرہی ہے ۔ جو چترال میں سروے کے بعد لیبارٹری کے قیام کو ممکن بنائے گی ۔ جس سے مشتبہ مریضوں کو ٹسٹنگ کرنے میں سہولت ہو گی ۔

إرسال تعليق
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.