بونی (ٹائمز آف چترال رپورٹ) گورنمنٹ ڈگری کالج فار گرلز بونی کی طالبات نے جمعرات کو اپنے کالج میں اساتذہ کی کمی کے خلاف جونال کوچ کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے چترال مستوج روڈ بلاک کر دی۔
طالبات نے ریلی نکالی اور سڑک پر دھرنا دے کر اساتذہ کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے خلاف نعرے بازی کی۔
طالبات کا موقف تھا کہ کل 24 منظور شدہ آسامیوں میں سے 12 خالی ہیں۔ 12 دستیاب عملے میں سے ایک پرنسپل اور ایک لائبریرین ہے اور سینکڑوں طلبہ کو پڑھانے کے لیے صرف 10 اساتذہ ہیں۔ جوکہ ناکافی ہیں۔ حکومت ادارے قائم کرسکتی ہے تو اس میں اسٹاف بھی پورا پورا فراہم کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بھی اساتذہ کو کالج بھیجا جاتا ہے تو وہ خود ہی ٹرانسفر ہو جاتے ہیں جس سے ان کی پڑھائی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
بار بار کے مطالبات کے باوجود حکومت اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے جس سے طلباء احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہیں۔
طالبات کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیا جاتا۔ گزشتہ ماہ گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز بونی کے طلباء نے بھی کالج میں سہولیات کی کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔- رپورٹ شیر افگن