کراچی: کوک اسٹوڈیو میں چار سیزن سے موجود ایگزیکٹو پروڈیوسر اسٹرنگز نے تخلیقی میوزک کے ساتھ دنیا بھر میں سامعین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ اس سیزن کی آخری قسط میں وہ علی ظفر اور علی حمزہ کے ساتھ وائٹل سائنز کا گانے 'اس راہ پر' پیش کررہے ہیں۔ یہ ان کی آٹھ سال کے طویل عرصے بعد واپسی ہے جب سیزن 2 میں انہوں نے 'تتلیاں' گیت پر آخری پرفارمنس پیش کی تھی۔
اسٹرنگز بین الاقوامی طور پر مشہور پاکستانی پاپ راک بینڈ ہے جس کی قیادت بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ کر رہے ہیں۔ بینڈ نے اپنے میوزک سفر کا آغاز سال 1988 میں کیا اور پاکستانی و انڈین میوزک انڈسٹری میں اپنا نمایاں مقام بنا لیا۔ سیزن 1 اور سیزن 2 میں انہوں نے سرکی، انجانے، دور، زندہ اور تتلیاں جیسے مشہور گیتوں پر شاندار پرفارمنس پیش کی۔
کوک اسٹوڈیو کے گیت 'اس راہ پر' کی دھن جعفر زیدی نے ترتیب دی۔ ان کا کہنا ہے، "جب ہم یہ گیت ریکارڈ کررہے تھے، تبھی ہمیں کچھ کمی محسوس ہورہی تھی ۔ میری خواہش تھی کہ اس گیت پر اسٹرنگز پرفارم کرے اور انہوں نے اتفاق کیا۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ وہ جنید جمشید اور وائٹل سائنز کو ذاتی طور پر جانتے تھے ۔ وہ اس گیت کو خاص اہمیت دیتے ہیں اور وہ اہمیت ناقابل بیان ہے ، میں اس گانے میں انکی پرفارمنس پر بہت خوش ہوں۔"
سیزن 10 کی اس فائنل قسط میں دیگر تین گانے بھی شامل ہیں جن میں عائمہ بیگ اور شجاع حیدر کا 'بانورے، سجاد علی کا 'تیرا نام' اور شفقت امانت علی خان کا 'مولا تیرا نور' ہیں۔
سیزن 10 میں لوگوں کے مزاج سے ہم آہنگ میوزک تخلیق کرنے سے متعلق کوک اسٹوڈیو کے فلسفہ پر عمل درآمد جاری رہا۔ ایسی میوزک کی تخلیق جو معنوں سے بھرپور، روح پرور ہونے ساتھ متاثرکن بھی ہو۔ یہ سیزن اسپیشل رہا جس میں پاکستانی میوزک انڈسٹری کے سات عظیم گلوکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جو اب ہم میں موجود نہیں اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی بدولت ہمیں اپنی بنیادوں کو ازسرنو دریافت کرنے میں مدد ملی اور اسکی بدولت ہمیں اپنے زرخیز ورثے کو آگے بڑھانے میں معاونت ہوگی۔
کوک اسٹوڈیو فیوژن میوزک کی تخلیق کا کام کررہا ہے ، وہ میوزک خلاءکو مسلسل بھرنے کے ساتھ گزشتہ 10 سالوں کے دوران پاکستانی میوزک کی مسلسل ترقی کے لئے بھی کام کررہا ہے۔ ملک میں اس سے بڑا کوئی پلیٹ فارم نہیں ہے اور کوک اسٹوڈیو سے آنے والی میوزک پاکستانی شناخت کے ساتھ دنیا بھر میں اپنی جگہ بناتی ہے۔
Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.