چترال (ٹائمزآف چترال نیوز) آل پاکستان مسلم لیگ چترال کے صدر سلطان وزیر اپر چترال کے علاقوں بریپ، کارگن، چوئنچ، بانگ اور پاؤژ میں کارنر میٹنگ اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں علاقے کے عمائدین سے ملاقاتیں کی۔ علاقائی مسائل پر بات چیت کی۔
پارٹی کی ایک اہم نشست علاقہ بریپ میں ہوئی جس میں اے-پی-ایم-ایل کے ورکروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میر رحیم خان کے گھر میں ہوا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئےعلاقے کے معززین نے ضلعی قیادت کی تبدیلی میں پارٹی کے چئیرمین پرویز مشرف کے فیصلے کو سراہتے ہوۓ یہ یقین دلایا کہ پرویز مشرف کی خدمات کو نسلوں تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے انتخابات میں اے-پی-ایم-ایل کو جتوا کر چترال کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حقیقی موقع دیا جاۓ گا۔ مقررین نے گذشتہ انتخابات کے بعد کارکنان کو نظر انداز کرنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ مشرف چترال کے محسن ہونے کی بنیاد پر ہماری عزت و تکریم کا بھرپور حق رکھتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلطان وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مسلم لیگ چترال کو عوامی پارٹی اور عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے تاکہ اب تک اے-پی-ایم-ایل کے نام پر سیٹ جیتنے کے باوجود کارکنوں کی مایوسی کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے کی ترقی کے لیے یہ چیز ناگزیر ہے کہ سیاسی امیدواروں کو ان کی صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبوں کے موافق جانچا جاۓ۔ قومیں چھوٹی موٹی عصبیتوں اور نفرتوں سے اوپر اٹھ کر ہی ترقی کرسکتی ہیں۔ ضلعی صدر نے کہا کہ جب تک لوگ ایک ایک ووٹ کو قومی امانت اور ترقی کے لیے فیصلہ کن نہیں سمجھیں گے حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔
سلطان وزیر نے شرکاء کو پارٹی کی حکمت عملی اور ترقی کے لیے پارٹی وژن کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ شفاف سیاست کو فروغ دیا جاۓ اور لوگوں کے سامنے ٹھوس اور قابل عمل منشور لایا جاۓ۔ دوغلاپن اور دعوؤں سے نہع تو ترقی ممکن ہے اور نہ ہی لوگوں کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے. آخر میں صدر صاحب نے شرکاء کا دل کھول کر شکریہ ادا کیا۔



Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.