چترال (نمائندہ: ٹائمز آف چترال 15 نومبر 2017) چترال میں پولیس نے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے، گزشتہ روز چترال تھانے کی حدود میں کاروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں منشیات برآمد کرلیا ہے۔ ملزموں کے قبضے سے 5 ہزار گرام چرس اور 30 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی ہے۔
چترال پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او منیر الملک نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پولیس بدنام زمانہ منشیات فروش بروز گاؤں کے محمد الیاس ولد عبدالجبار ساکن گولدہ کی کڑی نگرانی کررہی تھی ، خفیہ اطلاع پرپولیس نے ان رہائش پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 6 ہزار گرام چرس اور 30 لٹر دیسی ساختہ شراب برامد کرکے ملزم کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے دفعہ 9 اور 3 /4 حدود آرڈیننس کے تحت مقدمہ دائر کرکے مقامی عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ اسی منشیات فروش کے کارندے سمیع اللہ ولد امیر حمزہ ساکن دومون کو بھی موقع پر ایک ہزار گرام چرس کے ساتھ پکڑ لیا گیا ہے ۔ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی میں اہلکاروں اے ایس آئی جنگ باز خان، اے ایس آئی عبدالامان اور اے ایس آئی معراج الدین کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او فاروق جان بھی موجود تھے جنہوں نے منشیات فروشوں کو معاشرے کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کاروائی میں کوئی کسر نہیں اٹھائی جائے گی تاکہ نئی نسل کو تباہ ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ چترال تحصیل کے اندر ہم نے منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے کے قریب ہیں جس میں ہمیں عوام کا مکمل تعاون درکار ہے، عوام اپنے آس پاس میں منشیات فروشوں کی مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں تھانے کے ایس ایچ او منیر الملک کو فون نمبر 03459390500 پر اطلاع دے کر اپنا فرض نبھائیں ، اطلاع دہندہ کا نام مکمل طور پرصیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.