MrJazsohanisharma

ٹیلی نار نے گوادر میں اعلیٰ معیار کی 4G سروسز فراہم کردی، جدید ترین سیٹیلائٹ کا استعمال


گوادر: ٹیلی نار پاکستان نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے گوادر شہر کواعلیٰ معیار کی 4G سروسز فراہم کردی ہیں ۔ تاریخی لحاظ سے ماہی گیری کے لیے معروف گوادر شہراب دنیا کی ایک مصروف ترین سمندری بندرگاہ میں تبدیل ہونے جارہا ہے۔ علاقے میں طویل زمینی فائبر آپٹک کی غیر موجودگی کی وجہ سے ٹیلی نار پاکستان نے گوادر میں 4G سروسز فراہم کرنے کے لیے جدید ترین سیٹیلائٹ کا استعمال کیا ہے۔

اس کی بدولت ٹیلی نار کے صارفین اب ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ہی کی طرح تیز رفتار ڈیٹا سروسز سے استفادہ کرسکیں گے۔ اپنے اہم ترین جغرافیے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے نتیجے میں شروع ہونے والے غیر معمولی معاشی و سیاسی مضمرات کے حامل ترقیاتی منصوبوں کے پیش نظر گوادر خطے اور عالمی سطح پر ایک اہم سمندری بندرگاہ کی حیثیت سے ابھرنے والاہے۔

ٹیلی نار کی 4G سروسز سے یہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے ہزاروں پاکستانیوں اور غیر ملکی باشندوں کو نہ صرف پیشہ ورانہ رابطہ کاری میں بلکہ اپنے گھروالوں اور دوستوں سے بھی رابطے میں رہنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ ٹیلی نار پاکستان نے اپنی تمام گوادر سائٹس کو 3Gپر منتقل کردیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے موجودہ اسمارٹ فون کے ذریعے بھی تیز رفتار انٹرنیٹ سے مستفید ہوسکیں۔

-’’گوادر شہر کو 2Gسے براہ راست 3G/4Gپر منتقل کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا۔‘‘ ٹیلی نار پاکستان کے چیف مارکیٹنگ آفیسر بلال کاظمی نے کہا۔’’اس علاقے میں فائبر آپٹک کا انفراسٹرکچر موجود نہیں تھا لیکن یہاں کے مکینوں کو موبائل براڈ بینڈ کی فراہمی کے عزم نے ہمیں متبادل راستے ڈھونڈنے پر اُبھارااور اس مقصد کے لیے بالآخر سیٹیلائٹ سہولت کا استعمال کیا گیا۔

ہم یہ ماڈل پہلے بھی 2015میں گلگت بلتستان میں 3Gسروس کی آزمائش کے لیے استعمال کرچکے ہیں جس کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے۔ ہم گوادر شہر کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے نہایت پرجوش ہیں اور اُمید رکھتے ہیں کہ ہماری سروسز سے اس شہر کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے والے لوگوں کو رابطے کی بہترین سہولیات حاصل ہونگی۔‘‘گوادر شہر میں 4Gسروس کی فراہمی ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے اپنے صارفین کو ان کی ضروریات کے مطابق بہترین سہولیات کی فراہمی اور معاشروں کو بااختیار بنانے کے عزم کا تسلسل ہے۔

پاکستان میں اپنے قیام کے آغاز ہی سے ٹیلی نار نے دورافتادہ اور سہولیات سے محروم علاقوں اور لوگوں کو کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے لیے اختراعی طریقے استعمال کیے ہیں تاکہ انھیں ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت فراہم کی جاسکے۔ ٹیلی نار پاکستان نے اپنی کاوشوں کی بدولت لوگوں کے اولین ڈیجیٹل لائف اسٹائل پارٹنر کی حیثیت حاصل کرلی ہے ۔اس کے علاوہ ٹیلی نار انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ملک میں ایک ڈیجیٹل انقلاب برپا کرنے میں کوشاں ہے، تاکہ حکومت پاکستان کو اس کے طویل و قلیل مدتی ڈیجیٹل و مالیاتی شمولیت کے اہداف کے حصول میں مدد فراہم کی جاسکے۔



Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post