امیر قطر کا دورہ پاکستان: قطر کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کا قطر کے وزیر خارجہ کا اعلان



امیر قطر کا دورہ پاکستان: قطر کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کا قطر کے وزیر خارجہ کا اعلان 


دوحہ (آئی این پی) قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ قطر، پاکستان میں ڈیپازٹ اور براہ راست سرمایہ کاری کی صورت میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔اس حوالے سے جاری بیان میں قطری خبر ایجنسی نے کہا کہ وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ اس سرمایہ کاری کے بعد پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی شراکت داری 9 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر دونوں ممالککے درمیان سیاسی، معاشی، کھیل اور ثقافتی سطح پر مزید ترقی کے عزم کی یقین دہانی کرتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ اور براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید ترقی کی یقین دہانی پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا 2 روزہ دورہ پاکستان مکمل ہونے کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے۔دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ملاقات کی تھی اور دونوں فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔دو روز قبل امیر قطر کی پاکستان آمد کے بعد تجارت، سرمایہ کاری اور فنانشل انٹیلی جنس اور سیاحت سے متعلق 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔دونوں ممالک کے درمیان منی لانڈرنگ، دہشتگردی کی مالی معاونت کے انسداد اور خفیہ معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر فنانشل انفارمیشن یونٹ قطر کے سربراہ شیخ احمد بن عید الثانی اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل فنانشل مانیٹرنگ یونٹ منیر احمد نے دستخط کیے۔

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post