شیخوپورہ کے کوٹ عبدالمالک کے قریب مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق
شیخوپورہ (ٹائمزآف چترال ویب ڈیسک) شیخوپورہ کے کے علاقے کوٹ عبدالمالک کے نزدیک علاقے فضل کالونی میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد ملبے تلے آکر جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ بدھ کی صبح پیش آیا، حادثے کے وقت گھر کے افراد سورہے تھے، بدقسمت میاں بیوی اور ان کے 5 بچے دو منزلہ مکان کے ایک پورشن میں رہائش پذیر تھے جو بظاہر خستہ حال تھا۔ محلے داروں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان مالی تنگدستی کی وجہ سے گھر کی مرمت نہیں کروا سکا اور مکان خستہ حال ہوگیا تھا اور بارش کے کچھ گھنٹوں بعد چھت منہدم ہوگیا۔ حادثے کے بعد پڑوسیوں، امدادی کارکنان اور رضاکاروں نے ملبے سے لاشیں نکالیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت کامران (عمر 40 سال)، کوثر (35 سال)، بیٹے عبداللہ اور بیت اللہ، اور بیٹیاں بسمہ، مقدس اور علیشہ کے نام سے ہوئی تمام بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان تھیں۔ ریسکیو 1122 حکام کا کہنا تھا کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کی گئیں جس کے بعد انہیں لواحقین کے سپرد کردیا گیا۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.