روٹی اور نان کی قیمتوں میں من مانا اضافہ: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا، گندم اور آٹے کی برآمد پر بھی پابندی
اسلام آباد ( آن لائن ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گندم اور گندم کے آٹے کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ روٹی اور گندم کی مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے رجحان پرکنٹرول کیلئے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی ہے، درآمد شدہ یوریا کے 50 کلوگرام تھیلے کی قیمت 1800 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے جو سونا یوریا سے 166 روپے کم ہے۔ بدھ کو ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ وزارت قومی فوڈ سیکورٹی و ریسرچ کی جانب سے ملک میں گندم کی صورتحال پر اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں آبادی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے گندم کی وافر مقدار دستیاب ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال گندم کی جو مقدار خریدی گئی ہے وہ گزشتہ سال کی نسبت 33 فیصد کم ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ای سی سی نے گندم اور آٹے کی برآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے مقامی مارکیٹوں میں روٹی اور گندم کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے رجحان کو صوبوں کے ساتھ ملکر کنٹرول کرنے کیلئے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی جس میں ان قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں۔ ای سی سی نے نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کو50 کلو گرام کے درآمد شدہ یوریا کے تھیلے کی قیمت 1800 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی جو سونا یوریا کے مقابلے میں 166 روپے کم ہے۔نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کو ہدایت کی گئی کہ وہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے طے شدہ قیمت کے مطابق یوریا کی دستیابی یقینی بنائیں۔ یوریا امپورٹ پرائز اور نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے ڈیلرز کیلئے ٹرانسفر پرائز کی لاگت 93 کروڑ 79 لاکھ روپے ہے۔
ای سی سی نے پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کو پہلے سے منظور شدہ اپنے 24 ارب روپے کے بجٹ سے 8 بوئنگ 777 ایئرکرافٹ کے فلیٹ کیلئے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کی بہتری کیلئے بجٹ میں ردوبدل کی اجازت دے دی۔ اس کے علاوہ اس سکریپ یا کوڑے کے خطرہ سے پاک ہونے کے حوالہ سے پری شپمنٹ معائنہ کے سرٹیفیکیٹ کا حامل ہونا بھی ضروری ہے۔ ای سی سی نے مالی سال 201920 کیلئے تمباکو کی کم سے کم اعشاریہ قیمتوں کے نوٹیفیکیشن کی بھی منظوری دی۔ ایف سی وی تمباکو پلین کی قیمت 190 روپے 63 پیسے فی کلو، ایف سی وی تمباکو سب مائونٹینیس 218 روپے 77 پیسے، ڈبلیو پی تمباکو 82 روپے 85 پیسے، بیرلے تمباکو 150 روپے 54 پیسے اور ڈی اے سی تمباکو کی قیمت 94 روپے 76 پیسے ہوگی۔ ای سی سی نے پاکستان کسٹم ٹیرف کی جانب سے فنانس ایکٹ 2019 میں تخلیق کردہ نئے پی سی ٹی کوڈز کی اجازت دے دی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویڑن کی جانب سے 8 کروڑ 26 لاکھ مالیت کے نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام کی رپورٹ ای سی سی کو جائزہ کیلئے پیش کی گئی۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.