جوبلی لائف انشورنس اور نیشنل بینک آف پاکستان اسلامی بنکاری گروپ اعتماد کے مابین بنکا تکافل کیلئے معاہدہ
جوبلی لائف انشورنس نے نیشنل بینک اعتماد کے ساتھ بنکا تکافل کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں نیشنل بینک کے اسلامک برانچ نیٹ ورک کے ذریعے بنکا تکافل کو متعارف کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر جوبلی لائف کے منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او جاوید احمد اور نیشنل بینک آف پاکستان کے پریذیڈنٹ و سی ای او عارف عثمانی نے دستخط کئے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔
کراچی، 30جولائی، 2019۔ نیشنل بینک آف پاکستان کے اعتماد اسلامک بینکنگ گروپ (اے آئی بی جی) نے ملک میں نجی شعبے کے صف اول کے انشورنس ادارے جوبلی لائف انشورنس ونڈو تکافل آپریشنز کے ساتھ بنکا تکافل کا معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کی تقریب این بی پی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تقریب میں نیشنل بینک آف پاکستان کے سی ای او اور پریذیڈنٹ عارف عثمانی، جوبلی لائف انشورنس کے سی ای او اور ایم ڈی جاوید احمد، نیشنل بینک کے اے آئی بی جی کے گروپ چیف فواد فرخ، جوبلی لائف انشورنس کے گروپ ہیڈ ریٹیل آپریشنز، ایکچوریل اینڈ انویسٹمنٹس شان ربانی، جوبلی لائف انشورنس کے ہیڈ آف بنکا شورنس کے سربراہ سید رضوان عزیز سمیت دونوں اداروں کے سینئر حکام موجود تھے۔
نیشنل بینک آف پاکستان کے پریذیڈنٹ عارف عثمانی نے اسلامی مالیاتی شعبے کی ترقی میں تکافل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک کا جوبلی لائف انشورنس کے ساتھ طویل عرصے سے کاروباری تعلق ہے اور اس اشتراک کے ذریعے صف اول کی انشورنس کمپنیوں میں شامل ادارے کی مہارت کے ساتھ نیشنل بینک کے وسیع برانچ نیٹ ورک بھی شامل ہوجاتا ہے جو صارفین کو باسہولت انداز کے ساتھ تکافل کی خدمات پیش کرتا ہے۔
فواد فرخ نے بتایا کہ نیشنل بینک کے اعتماد اسلامک بینکنگ گروپ اور جوبلی لائف انشورنس ونڈو تکافل آپریشنز نے بنکا تکافل کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت نیشنل بینک کے اعتماد اسلامک بینکنگ برانچ نیٹ ورک ریفرل ماڈل پر جوبلی لائف ونڈو تکافل آپریشنز کے ذریعے تکافل مصنوعات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے معاہدے کے ذریعے طویل عرصے تک باہمی تعلق کا رجحان متعارف ہوگا۔ اس اتحاد سے این بی پی اعتماد کے کلائنٹس کی بچت اور حفاظتی ضروریات کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ این بی پی اپنے صارفین کے لئے سہولت اور بامعنی اہمیت پیدا کرنے کے ساتھ جدت انگیز مالیاتی خدمات کی فراہمی پر یقین رکھتا ہے۔
جوبلی لائف انشورنس کے ایم ڈی و سی ای او جاوید احمد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "بنکا تکافل شریعت سے مطابقت رکھنے والی مارکیٹ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے اور اس انڈسٹری میں بہترین انداز سے شمولیت کے ساتھ اس نے پاکستان میں بھرپور ترقی کا مشاہدہ کیا ہے۔ ہم پراعتماد ہیں کہ نیشنل بینک کے اعتماد گروپ کے ساتھ ہماری اعلیٰ معیار کی خدمات کے ذریعے نئے قائم شدہ پلیٹ فارم سے طویل عرصے تک کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔"
نیشنل بینک آف پاکستان ملک کا سب سے بڑا سرکاری مالیاتی ادارہ ہے جس نے سال 2006 میں اسلامی بنکاری کا آغاز کیا۔ اسلامی بنکاری کی مصنوعات اور خدمات کو مزید بہتر انداز سے متعارف کرانے کے لئے نیشنل بینک نے اپنی مستحکم برانڈ شناخت سے فائدہ اٹھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس نے اسلامی بنکاری کو سال 2013 میں اعتماد کے برانڈ نام کے ساتھ دوبارہ متعارف کرایا۔ اعتماد اعلیٰ معیار اور کم لاگت کی اسلامی بنکاری کی مصنوعات اور خدمات قوم کو فراہم کرتا ہے۔
این بی پی کے اعتماد اسلامک بینکنگ نے اپنی اسلامی بنکاری برانچ کے نیٹ ورک میں غیرمعمولی ترقی کرلی ہے۔ سال 2012 میں اسلامی بنکاری کا برانچ نیٹ ورک 8 برانچز سے پھیل کر اب سال 2019 میں 190 برانچز تک بڑھ گیا ہے۔ یہ 85 سے زائد شہروں میں مستحکم انداز سے اپنی خدمات پیش کرتا ہے جن میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جہاں کوئی دوسرا بینک موجود نہیں ہے۔
جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوں میں زندگی، صحت اور جنرل کے شعبوں میں مختلف بیمہ پالیسیاں پیش کرتا ہے۔ جوبلی لائف زندگی و صحت کے بیمہ اور ونڈو تکافل آپریشنز کے ساتھ پاکستان میں نجی شعبہ کی سب سے بڑی انشورنس کمپنی ہے۔ جوبلی لائف منفرد ترتیب دئیے گئے زندگی و صحت انشورنس کے منصوبے پیش کرتا ہے جو صارفین کے مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں جن میں ریٹائرمنٹ، بچوں کی تعلیم، شادی، بچت اور تحفظِ زندگی، خواتین کیلئے خاص بیمہ زندگی پالیسیاں، دیہی علاقوں کیلئے بیمہ پالیسیاں اور ملک کے کم مراعات یافتہ طبقے کے لئے زندگی اور صحت کی پالیسیاں شامل ہیں۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.