ڈاکٹر شکیل آفریدی غدار وطن ہے رہائی کا مستحق نہیں: چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

ڈاکٹر شکیل آفریدی غدار وطن ہے رہائی کا مستحق نہیں: چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور 


ایک جانب آرمی کے اعلیٰ افسران کو غداری پر سزائیں اور دوسری جانب غدار وطن کی رہائی کیوں؟
یہ کیسا نیاپاکستان ہے کہ غدار کو رہا کرکے وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ باہر بھیجا جارہا ہے 
ایک اور جگ ہنسائی کا موقع دیا جارہا ہے،حکومت ملبہ عدلیہ پر گرانے سے باز رہے 
پہلے بھی ریمنڈڈیوس،کرنل جوزف ودیگر کو رہا کرکے ملک کا وقار مجروح کیا گیا،غیرت کو ڈالر پر ترجیح نہ دی جائے 
ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کی خفیہ اطلاعات پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین کا ردعمل

کراچی (3 جولائی 2019)  پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ایک جانب ملک و قوم سے غداری کرنے والے جرنیلوں،بریگیڈیئرز تک کو سزائیں سنائی جارہی ہیں تو دوسری جانب حکومت غدار وطن ڈاکٹر شکیل آفریدی کو خفیہ طور پررہا کرکے امریکہ کے حوالے کرنے جارہی ہے۔پی ٹی آئی حکومت شکیل آفریدی کی رہائی کا ملبہ عدلیہ پر گرانے کی کوشش سے باز رہے۔ یہ کیسا نیا پاکستان ہے کہ ملک کے غداروں کو وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ملک سے باہر بھیجا جارہا ہے۔ اس ملک میں حکومت نام کی کوئی چیزہے بھی یا نہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے ان اطلاعات پر کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو خفیہ طور پر رہا کرکے امریکہ کے حوالے کیا جارہا ہے اور اس کا گرین کارڈ بھی بن چکا ہے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریمنڈڈیوس،کرنل جوزف سمیت متعدد خطرناک جاسوسوں کو رہا کرکے بیرون ملک بھیج دیا گیا۔ ہم ایک بار پھر ملک کی عزت و غیرت اور ناموس کو چند ڈالرز پر ترجیح دے کر جگ ہنسائی کا موقع کیوں دے رہے ہیں؟ ملک میں قانون کا دوہرا معیار کیوں ہے؟الطاف شکور نے کہا کہ جس مجرم نے بھی پاکستان کی سرزمین پر جرم کیا ہو اسے آئین اور قانون کے مطابق سزادی جانی چاہئے۔ڈاکٹر شکیل آفریدی پوری پاکستانی قوم کا مجرم ہے، کسی خفیہ ڈیل کے تحت رہائی یا کسی بھی رعایت کا مستحق نہیں۔عمران خان بھی وزیر اعظم بننے کے بعد خود کو سابقہ حکمرانوں سے مختلف ثابت کرنے اور اپنی انتخابی مہم میں کئے گئے عزم اور دعوؤں پر عملدرآمد میں یکسر ناکام ہوگئے ہیں۔موجودہ حکومت نے بھی اگر آئین اور قانون سے بالاتر ہوکر نواز اور زرداری دور کی طرح کے فیصلے جاری رکھے تو عوام کا جمہوریت اور جمہوری اداروں سے رہا سہا اعتماد ختم ہوجائے گا۔حکومت کیوں نہیں سمجھ رہی کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی خفیہ رہائی حکومت اور ملک کا امیج خراب کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے۔ الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عوام کا اعتماد حاصل کررہی ہے اور اقتدار میں آکر غریب و امیروں کے لئے کسی دباؤ میں آئے بغیر یکساں سیاسی و سماجی اور معاشی انصاف کی فراہمی کو ممکن بنائے گی


Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post