بیٹیوں کا خون سفید ہوگیا، پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر2 بہنوں نے باپ کو قتل کردیا
پشاور (ٹائمزآف چترال ویب ڈیسک) بیٹیوں کا خون سفید ہوگیا، پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر بہنوں نے باپ کو قتل کردیا۔ پشاور کے مضافاتی علاقے لڑمہ میں 2 بہنوں نے مبینہ طور پر پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر اپنے والد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 6؍ دن قبل پشاور کے مضافاتی علاقے لڑمہ میں خزانہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ خزانہ اور چمکنی پولیس اسٹیشنوں کے اے ایس پی نے بتایا کہ مقتول مشتاق احمد کے صاحبزادے عبد اللہ نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ ان کے والد نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے لیکن جب پولیس نے واقعے کی تحقیقات کی تو معاملہ کچھ اور ہی نکلا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی 22 سالہ بیٹی شادی شدہ شخص سے شادی کی خواہشمند تھی لیکن والد نےرشتہ دینے سے انکار کر دیا تھا اور بیٹی کو اس سے فون پر بات کرنے سے منع کرتے تھے جب کہ 18سالہ چھوٹی بہن اپنی بڑی بہن کی حمایتی تھی، وہ بھی اس سے فون پر باتیں کرتی تھی، چھوٹی بہن نے ہی والد پرپستول تان کر گولی چلائی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے دونوں بہنوں کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ ابتدائی بیان میں ملزمان خواتین کی جانب سے اپنے والد کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا گیا ہے۔
(ہمیں آپ Twitter ، Instagram اور فیس بک TimesOfChitral پر بھی لائیک کرسکتے ہیں)
