پی ٹی آئی حکومت اور مچھروں کی من مانیاں کسی کے کنٹرول میں نہیں: نائب صدر پاسبان
- دونوں کا کام عوام کو اذیتیں دینا اور تڑپا تڑپا کر مارنا ہے: طارق چاندی والا
- وفاقی، صوبائی اور شہری حکومت سنجیدگی سے امراض کو کنڑول کرنے کی تدابیر اختیار کرے
- حکومتوں کی نورا کشتی کے باعث وبائی امراض کو کنٹرول کرنے میں دشواری کا سامنا ہے
- پاسبان مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے،انتظامیہ بھی سنجیدہ ہو جائے
کراچی (پی آر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اور مچھروں کی من مانیاں کسی کے کنٹرول میں نہیں،دونوں کا کام عوام کو اذیتیں دینا اور تڑپا تڑپا کر مارنا ہے۔ محکمہ صحت کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے ملک بھر خصوصا صوبہ سندھ میں ڈینگی، ملیریا اور دیگر امراض سے متاثرہ مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ اسپتالوں میں فوری علاج معالجہ کی سہولت کے فقدان اور ویکسین کی عدم دستیابی کی بنا ء پر متاثرہ کئی افراد اب تک جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، سندھ اور وفاقی حکومتوں کی نا اہلی اب ڈھکی چھپی نہیں رہی۔سال 2019 میں سندھ بھر میں 15 ہزار افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جبکہ 14 ہزار کا تعلق کراچی سے ہے۔ متاثر ہونے والوں میں سے 40 سے زائد افراد اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں طارق چاندی والا نے کہا کہ ایسے سنگین وقت میں جبکہ چاروں جانب سے مسائل اور وبائی بیماریوں نے حملہ کیا ہوا ہے، برسر اقتدار سیاسی پارٹیاں اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں۔ وفاق اور صوبے میں وزارتیں لے کر اقتدار کے مزے کئے جا رہے ہیں اور دوسری جانب عوام مختلف وبائی امراض کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔حکومتوں کے مابین نورا کشتی کے باعث مسائل اور وبائی امراض کو کنٹرول کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
پاسبان کا مطالبہ ہے کہ وفاقی، صوبائی اور شہری حکومت امراض کو کنڑول کرنے کے لئے سنجیدگی سے تدابیر اختیار کرے۔ اسپتالوں میں تمام ضروری ٹیسٹس کی مفت فراہمی اور علاج کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ عوام میں ڈینگی، ملیریا، ٹائیفائیڈ اور دوسرے وبائی امراض سے آگاہی کے لئے جگہ جگہ مراکز قائم کئے جائیں۔ اندرون سندھ کتوں اور سانپ کے کاٹنے اور امراض پر قابو پانے کے لئے فوری اسپتالوں میں سہولیات دی جائیں تا کہ مریضوں کو شہر تک آنے کی صعوبت نہ اٹھانی پڑے۔پورے صوبے خصوصا کراچی میں ڈینگی اور ملیریا کے مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر جراثیم کش اسپرے کرایا جائے۔سندھ میں اقتدار کے مزے لوٹنے،کرپشن میں مشغول، کراچی کے حقوق کا سودا کرنے والے حکمران اگر عوام کے ساتھ زرہ برابر بھی مخلص ہیں تو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام اختلافات بھلا کر ایک ہو جائیں۔پاسبان مسائل کے حل اور امراض پر قابو پانے کے لئے اقدامات کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے
Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.