یوفون اور ہلال احمر پاکستان کا اشتراک، ایک ہفتے میں 10 ہزار سے زائد افراد نے رضاکاروں کے طور پر رجسٹریشن کرالی

یوفون اور ہلال احمر پاکستان کا اشتراک،  ایک ہفتے میں 10 ہزار سے زائد افراد نے رضاکاروں کے طور پر رجسٹریشن کرالی



اسلام آباد، 9 اپریل، 2020۔ پاکستانی ٹیلی کام آپریٹر یوفون اور ہلال احمر پاکستان (PRCS) کے درمیان کورونا وائرس کے خلاف آگہی بڑھانے کے لئے اشتراک نے زبردست اثرات مرتب کئے ہیں۔ ایک ہی ہفتے کے اندر 10 ہزار سے زائد افراد ہلال احمر رضاکار پروگرام  کے لئے رجسٹرڈ ہوگئے ہیں جن کے ذریعے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس سے متعلق آگہی بڑھائی جائے گی۔ اس ضمن میں ہلال احمر کے رضاکاروں نے ملک بھر سے 15 ہزار سے زائد کالز وصول کیں اور دن بدن اس مہم میں شرکت کے لئے لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ 

اس اشتراک کے ذریعے شہری و دیہی علاقوں میں اس بیماری سے متعلق آگہی پھیلانے کے لئے یوفون نے ہلال احمر کی صلاحیت کو مستحکم بنایا اور اسکی ہیلپ لائن 1030 کے ذریعے رضاکاروں کی رجسٹریشن میں معاونت فراہم کی۔ بلامعاوضہ ہیلپ لائن سے یوفون کے صارفین اس بیماری سے متعلق تازہ ترین معلومات ملنے کے ساتھ ہی وہ فعال انداز سے اپنے، اپنے اہل خانہ اور اپنے علاقے میں حفاظت کے اصول جان رہے ہیں۔ صارفین اپنے علاقوں میں اسی ہیلپ لائن کو استعمال کرکے رضاکار کے طور پر دیگر افراد کی بھی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ 

ملک میں کورونا وائرس کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے، اس لئے آگہی بڑھانے کے لئے زیادہ طاقتور اور بہترین رابطے کی اہمیت مزید بڑھ چکی ہے۔ یوفون اور ہلال احمر کی مشترکہ کاوش سے پاکستان کو اس عالمگیر وبا سے متعلق مستند اور تازہ ترین معلومات تک مفت رسائی حاصل ہورہی ہے اور وہ ان معلومات کی روشنی میں مستقبل میں بھی ذمہ دارانہ طور پر کام کرسکیں گے۔ 

ہلال احمر پاکستان کے سیکریٹری جنرل خالد بن مجید نے رضاکاروں کی رجسٹریشن کی مہم میں لوگوں کی گہری دلچسپی پر بھرپور انداز سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا، "لوگوں کی جانب سے وطن کے لئے بے مثال محبت اور رحم کے جذبے پر ہر شخص حیران ہے۔ ایسے مشکل حالات میں پوری قوم اپنے وقت کے ایک انتہائی بدترین بحران کا سامنا کررہی ہے۔ یہ دیکھنا حوصلہ افزاء ہے کہ کس طرح سے ہزاروں لوگ ایک دوسرے کی مدد کے لئے آگے بڑھے ہیں۔" 

یوفون کے ہیڈ آف پی آر اینڈ سی ایس آر عامر پاشا نے کہا، "کورونا وائرس نے ہر ایک کے لئے چیلنجز پیدا کردیئے ہیں۔ سماجی ذمہ دار ادارے کے طور پر یوفون لوگوں کو مختلف انداز سے سہولت پہنچاکر اپنا کردار ادا کررہا ہے، چاہے بلاتعطل کنکٹویٹی کو یقینی بنانا ہو، ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی ہو یا پھر اس عالمگیر وبا کے خلاف آگہی بڑھانی ہو۔ اس بحران سے لڑنے کے لئے عوام کو بااختیار بنانے کی غرض سے ہم ہر ممکن طریقے سے بہترین اقدامات کریں گے۔"

ہلال احمر پاکستان، بین الاقوامی ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ تحریک کا حصہ ہے اور پاکستان میں صف اول کے امدادی کام کرنے والے اداروں میں اسکا شمار ہوتا ہے۔ یہ ادارہ اپنے رضاکاروں میں انسانیت کی خدمات کے تصور کی طاقت کے ساتھ لوگوں کی تکالیف میں کمی لانے کے لئے پرعزم ہے۔ 




Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم