علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یا رب۔ شربت فروخت کر کے گھر کی کفالت کرنے والے یتیم طالب علم نے میٹرک امتحان میں شاندار نمبر لیکر نئی مثال قائم کردی
بیت المال اور کمشنرملتان کامیٹرک میں 1050 نمبر لینے والے حذیفہ کی کفالت کااعلان
ملتان (ویب ڈیسک) علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یا رب۔ اس غریب اور بے سہارا بچے نے علم سے محبت کی مثال قائم کردی۔ جی ہاں ملتان میں شربت فروخت کر کے گھر کی کفالت کرنے والے یتیم طالب علم نے میٹرک امتحان میں شاندار نمبر لیکر نئی مثال قائم کردی۔ ہونہار طالب علم حذیفہ ملک نے 2019 کے ملتان بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کیے ہیں۔
حذیفہ کے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور وہ گزشتہ 5 سال سے اپنی والدہ اور 4 چھوٹے بہن بھائیوں کی کفالت کا بوجھ بھی اٹھارہا ہے۔ والد کے انتقال کے بعد حذیفہ نے ہمت نہ ہاری اورپانچویں جماعت سے مزدوری، شربت بیچنے کے ساتھ ساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
سال 2019 میں میٹرک کے امتحان میں سائنس گروپ میں 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کرنے والے حذیفہ ملک اسکالرشپ پر نجی کالج میں فرسٹ ائیر میں زیر تعلیم ہیں۔
حذیفہ ملک کے ماموں کے مطابق حذیفہ کا خواب ڈاکٹر بننا ہے، اگر حکومت اس کی مالی مدد کرے تو اس کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔
حذیفہ سے متعلق نجی ٹی چینل پر خبر چلنے کے بعد پاکستان بیت المال نے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں پاکستان بیت المال کے چئیرمین عون عباس بپی نے لکھا کہ پاکستان بیت المال ٹیم نے شفقت پدری سے محروم، 5 بہن بھائیوں کے واحد کفیل، ملتان کے رہائشی محمد حذیفہ سے رابطہ کیا ہے۔ انشاءالله پاکستان_بیت_المال کی جانب سے محمد حذیفہ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ انکو فوری مالی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.