MrJazsohanisharma

جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے کی فضیلت، سوچیئے جب اللہ اور فرشتے حضورﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہوں: تو یہ عمل کتنی فضیلت کا حامل ہوگا

جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے کی فضیلت، سوچیئے جب اللہ اور فرشتے حضورﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہوں: تو  یہ عمل کتنی فضیلت  کا حامل ہوگا

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِ  مُحَمَّدٍ

جس طرح پہاڑوں، ملکوں، درختوں ، پھلوں وغیرہ میں ایک ایسا ہوتا ہے جس کا ذکر قرآن و حدیث میں افضل طور پر آیا  ہوا ہے۔ اسی طرح  ہفتے کے ساتوں دنوں میں  جمعہ کا دن سب سے زیادہ افضل اور مبارک دن ہے۔ خصوصی طور پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے کی کچھ اور ہی فضیلت ہے بلاشبہ درود شریف ایک فضیلت والا عمل ہے۔ اللہ ربُّ العزّت نے جو مقام حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو عطائے فرمایا ہے اتنا مقام کسی اور کو نہیں بخشا، اللہ تعالیٰ نے جہاں پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اورخصوصیات سے نوازا وہیں پر ایک خاصیت جو صرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہی خاص ہے وہ درود شریف ہے۔

درود شریف ایک سلام ہے جو حضور ﷺ کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے اور اسکے بے بہا فوائد ہیں، جس سے دنیا و آخرت کی بھلائی اورکامرانی ممکن ہے۔ ذرا غور کریں قرآن مجید اس آیت پر  کہ  اِنَّ اللّٰہَ وَ مَلٰٓئِکَتَہٗ یُصَلُّوۡنَ عَلَی النَّبِیِّ ؕ یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا صَلُّوۡا عَلَیۡہِ وَ سَلِّمُوۡا تَسۡلِیۡمًا ﴿۵۶﴾   اللہ تعالٰی اور اس کے فرشتے اس نبی پر رحمت بھیجتے ہیں ۔ اے ایمان والو! تم ( بھی ) ان پر درود بھیجو اور خوب سلام ( بھی ) بھیجتے رہا کرو ۔ سورہ  سورة الأحزاب آیت نمبر 56
جب اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہو ں اس ذات اقدس پر تو  وہ ذات کیا ہوگی۔ کیا مرتبہ ہوگا، کیا شان ہوگی۔  ان پر درود بھیجنے والوں کے ثواب کا کیا اندازہ ہوگا۔ سبحان اللہ ۔

اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے
 اِنَّ اللّٰہَ وَ مَلٰٓئِکَتَہٗ یُصَلُّوۡنَ عَلَی النَّبِیِّ ؕ یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا صَلُّوۡا عَلَیۡہِ وَ سَلِّمُوۡا تَسۡلِیۡمًا
بے شک اﷲ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں ، اے ایمان والو ! تم بھی ان پر درود وسلام بھیجو“۔

رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
“بہترین دن جس پر سورج طلوع ہوا جمعہ کا دن ہے ، اسی دن حضرت آدم عليه السلام پیدا کئے گئے ، اسی دن جنت میں داخل کئے گئے ، اسی دن جنت سے نکالے گئے اور اسی دن قیامت قائم ہوگی“۔(مسلم )

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا
“تمہارے دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن ہے، اس دن کثرت سے درود پڑھا کرو، کیونکہ تمہارا درود مجھے پہنچایا جاتا ہے”۔ (ابوداوٴد، ابن ماجہ)

ایک اور حدیث میں ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا
“جمعہ کے دن اور جمعہ کی رات کثرت سے درود پڑھا کرو، جو ایسا کرے گا تو میں قیامت کے دن اس کی شفاعت کروں گا”۔

سیدنا عبد اللہ بن مسعودؓ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
”قیامت کے دن سب سے زیادہ مجھ سے قریب وہ لوگ ہوں گے جو سب سے زیادہ مجھ پر درود بھیجتے ہیں “۔( ترمذی)

ایک سائل حضرت علیؓ کے پاس آ یا اور عرض کی کہ مجھے کچھ دیجئے ،میں تنگدست ہوں، حضرت علی ؓ کے پاس اس وقت دینے کے لئیے کوئی چیز نہ تھی، آپ نے دس بار درود پڑھ کر سائل کی ہتھیلی پر پھونک مار کر فرمایا ہتھیلی بند کر دو، سائل نے باہر جا کر جب ہتھیلی کھولی تو سونے کے دنیاروں سے بھری پڑی تھی۔

سیدنا ابوہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا 
میری قبر کو عبادت گاہ نہ بناؤ ، اور مجھ پر درود بھیجو ، بلا شبہ تمہارا درود مجھ تک پہنچتا ہے ، چاہے تم جہاں رہو“۔ (ابوداؤد)

سیدنا علی بن ابی طالبؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،
"حقیقی معنوں میں بخیل وہ شخص ہے ، جس کے پاس میرے نام کا تذکرہ ہوا ، لیکن اس نے مجھ پر درود نہیں بھیجا “۔(ترمذی)

حضرت عبد ا ﷲ بن مسعود رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
" جو شخص مجھ پر بکثرت درود شریف پڑھتا ہے ، قیامت کے روز وہ سب سے زیادہ میرے قریب ہوگا ۔" (ترمذی)

اس لیے ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام مبارک سن کر کم از کم صلی اللہ علیہ وسلم کہے ۔

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِ  مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰی اِبْرَاھِیْمَ  وَعَلٰی آلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدمَّجِیْد،
 اَللّٰھُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ  عَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلٰی   اِبْرَاھِیْمَ وَعَلٰی آلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ  حَمِیْد مَّجِیْد

اے ﷲ ! محمدﷺ اور آلِ محمدﷺ پر ا سی طرح رحمت نازل فرما جس طرح تو نے ابراہیم اور آلِ ابراہیم پر رحمت نازل فرمائی، بے شک تو ہی تعریف اور بزرگی والا ہے، اے ﷲ ! محمدﷺ او ر آلِ محمدﷺ پر ا سی طرح برکت نازل فرما جس طرح تو نے ابراہیم اور آلِ ابراہیم پر برکت نازل فرمائی، بے شک توہی تعریف اور بزرگی والا ہے۔





Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم