ہماری افواج نے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے ہیں :وزیر اعظم - ملک کا امن خراب نہیں کرنے دینگے : آرمی چیف جنرل باجوا

ہماری افواج نے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے ہیں :وزیر اعظم - ملک کا امن خراب نہیں کرنے دینگے : آرمی چیف جنرل باجوا


اسلام آباد  (ویب ڈیسک 2 جون 2021) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جنگی مہارت کے باعث ناقابل تسخیر ہے اور پاک فوج نے بے مثال نتائج دیتے ہوئے ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے مستقبل کے حوالے سے اپنے وژن پر روشنی ڈالی جہاں پر قانون کی حکمرانی، بلاامتیاز احتساب اور انصاف کی فراہمی ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم جیسے ہمارے عظیم رہنماؤں کے نظریے اور اسلامی اصولوں کے مطابق ایک خوشحال ریاست کا قیام تب ہی عمل میں آ سکتا ہے جب ہم بحیثیت قوم مسلسل محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور آٹومیشن جیسے مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔  وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے کورسز میں شریک افسران سے کہا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ناکامی کے خوف سے بالاتر ہو کر اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے کام کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق وزیر اعظم نے منگل کو کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ان کا استقبال کیا ۔  آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سکیورٹی کی صورتحال، آپریشنل تیاری، بارڈر مینجمنٹ سمیت پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں پر باڑ لگانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  کو حکومت بلوچستان کی حمایت میں آرمی کے ذریعہ کئے گئے معاشرتی و اقتصادی اقدامات اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ایل ای اے کی صلاحیت میں اضافے کے لئے جاری کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج صوبے کی پائیدار سماجی و معاشی ترقی کے لئے پائیدار امن کے حصول کی طرف ہر ممکن کوشش کرے گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو امن کی کوششوں کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان کو یقینی بنانے میں صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے افسران اور جوانوں کو ان کی سرشار کاوشوں، لگاتار چوکسی اور اعلی حوصلے پر سراہا۔

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post