MrJazsohanisharma

وزارت خارجہ کا پاکستانی کلچر کے فروغ میں کوک اسٹوڈیو کے اہم کردار کا اعتراف ، پاکستانی کلچر پر کتان کی تقریب رونمائی

وزارت خارجہ کا پاکستانی کلچر کے فروغ میں کوک اسٹوڈیو کے اہم کردار کا اعتراف ،  پاکستانی کلچر پر کتان کی تقریب رونمائی

اسلام آباد، 8جولائی، 2021:-  کوکا۔کولا پاکستان اور وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں پاکستانی کلچر کو فروغ دینے میں پاکستان کے میوزک برانڈ کوک اسٹوڈیو کی شاندار کامیابی کا اعتراف کیا اور باہمی اشتراک سے خوبصورت کتاب (Beyond the Wave - transcending boundaries) کی تقریب رونمائی کا انعقادکیا۔ 




یہ تقریب فارن آفس کے کھلے لان میں منعقد ہوئی جو وزارت خارجہ کے پبلک ڈپلومیسی اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے کلچر اور آرٹ کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ اس تقریب میں دنیا بھر کی اہم غیرملکی شخصیات، سرکاری حکام، کاروباری افراد اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ یہ اشتراک بین الثقافتی آگہی، آئیڈیاز کے تبادلے اور سماجی روایات کے احترام کو فروغ دے کر تعلقات مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ 

یہ کتاب کوک اسٹوڈیو کے آغاز سفر پر روشنی ڈالتی ہے جس میں سال 2008 میں پہلے سیزن کے آغاز سے لیکر سال 2021 کے 14 ویں سیزن پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ یہ خوبصورت کتاب ایک طاقتور بیانیہ رکھتی ہے کہ کس طرح سے کوک نے میوزک کو پرعزم انداز سے ساؤنڈ آف پاکستان (#SoundOfPakistan)میں منتقل کیا۔ یوٹیوب میں کوک اسٹوڈیو کے چینل پر ایک کروڑ سے زائد سبسکرائبرز اور مجموعی طور پر اسے ملاحظہ کرنے پر 2.8ارب ویوز ہوچکے ہیں جو اسے پاکستانی میوزک کا سب سے پسندیدہ برانڈ بناتے ہیں۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا، 
"تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ ثقافتی سفارتکاری کی نرم طاقت کا اپنا اثر و رسوخ ہوتا ہے اور یہ مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرسکتی ہے۔ میں کوک اسٹوڈیو کے اشتراک سے ہمارے نوجوانوں کی مثبت سوچ، اتحاد اور امن کے پیغام پر مبنی پاکستان کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے پر مطمئن ہوں۔ آج کی تقریب رونمائی کے بعد دنیا بھر میں ہمارے تمام سفارتخانوں میں یہ کتاب بھیجی جائے گی۔" 

وزیر خارجہ کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے دی کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن کے وی پی اور جنرل منیجر برائے پاکستان و افغانستان ریجن، فہد اشرف نے کہا، "وزارت خارجہ کی جانب سے یہ اعزاز ملنا ہمارے لئے بڑے فخر کا مقام ہے جس کی بدولت ہم کوک اسٹوڈیو کے سفر کو آگے بڑھانے کے لئے مزید اشتراک کرسکیں گے۔ میں ان سب افراد کا مشکور ہوں جنہوں نے ملک میں آرٹ و کلچر کے فروغ اور گزشتہ 14 برسوں میں کوک اسٹوڈیو کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔"

 تقریب میں کوکا۔کولا کی جانب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو باضابطہ طور پر یہ خوبصورت کتاب پیش کی گئی۔ اس تقریب میں ذوالفقار جبار خان المعروف ذولفی کے ساتھ گفتگو بھی کی گئی، جو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پروڈیوسر کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ ان کے علاوہ صحافی فیفی ہارون اور کوکا۔کولا کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر احمد وہاب سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریب کا اختتام معروف قوال فرید ایاز اور ابو محمد کی جانب سے کوک اسٹوڈیو کی سگنیچر پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔ 

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

أحدث أقدم