MrJazsohanisharma

محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے، خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں تدفین کا اعلان

محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے، خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں تدفین کا اعلان

اسلام آباد  (اے پی پی 10 اکتوبر 2021): محسن پاکستان، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی اور نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، 85 سالہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صحت بگڑنے پر اتوار کی صبح ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔




انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔ اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا تھا ، انہوں نے قوم کو محفوظ بنانے کیلئے ایٹم بم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایک احسان مند قوم ان کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے پوری قوم محبت کرتی ہے کیونکہ پاکستان کو ایک نیوکلیئر ریاست بنانے میں ان کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی ریاست بنا کر اپنے سے کئی گنا بڑے ہمسایہ ملک کی جارحیت سے تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے اپنے ایک علیحدہ ٹویٹ میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے خاندانی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام ان کی صحت بگڑنی شروع ہوئی جس کے بعد ان کو ہسپتال منتقل کیا گیا تا ہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی اچانک وفات پر زندگی کے ہر شعبےسے تعلق رکھنے والے افراد نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے ، پاکستان کے لئے ان کی خدمات انگنت ہیں ، خدا تعالیٰ ان کو غریق رحمت کرے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مسلح افواج کے سربراہان ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، گورنرز و وزرائے اعلیٰ کے علاوہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر تعلیم وتربیت شفقت محمود اور وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب دیگر اعلیٰ حکام نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ان کی نماز جنازہ آج (اتوار ) سہ پہر فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی اور انکو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد کے احاطہ میں دفن کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل 1936کو بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے ، بعد ازاں وہ پاکستان منتقل ہوگئے اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ مئی 1998میں ایٹمی دھماکوں کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے ہیرو کی حیثیت اختیار کر گئے، پاکستان نے یہ دھماکے بھارتی دھماکوں کے بعد کئے تھے۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان مسلم دنیا میں واحد ایٹمی قوت بن گیا ۔

پاکستان کی اس کامیابی سے پاکستان بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے مقابلہ کا بھی اہل ہوگیا۔ 1960میں کراچی یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پہلے مغربی برلن اور بعد ازاں نیدر لینڈ میں تعلیم حاصل کی اور میٹالرجی میں اپنی ڈگری 1967میں مکمل کی۔ 1972میں بیلجیئم کی یونیورسٹی سے انہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قوم و ملک کے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے نشان امتیاز اور حلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

Previous Post Next Post