MrJazsohanisharma

یوفون فٹ بال کپ کے تحت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پرجوش مقابلے جاری

یوفون فٹ بال کپ کے تحت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پرجوش مقابلے جاری



اسلام آباد: یوفون فٹ بال کپ کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بیک وقت انعقاد کے نتیجے میں دونوں صوبوں کے شائقین اور کھلاڑیوں میں کھیل کا جوش و جذبہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ریجنل ٹیمیں ایلی منیٹر راؤنڈ میں اپنی جگہ بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں جہاں سے وہ اگلے مراحل یعنی سپر8 سیمی فائنلز اور فائنلز تک رسائی حاصل کرسکیں گی۔ 

بلوچستان میں اس ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کے تحت دو میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ڈی ایف اے قلات کا خضدار کے میر غوث بخش بزنجو اسٹیڈیم میں ڈی ایف اے مستونگ سے مقابلہ ہوا جہاں فٹ بال کے شائقین کی ایک بڑی تعداد یہ میچ براہ راست دیکھنے کے لئے جمع ہوئی۔ 

دونوں ٹیموں نے کامیابی کے حصول کے لئے بھرپور کھیل کا مظاہرہ پیش کیا تاہم ڈی ایف اے قلات کے ریاض نے میچ کے 26 ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ کھیل کے 58 ویں منٹ میں غلام نے خوبصورتی سے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کردیا۔ میچ کے 65 ویں منٹ میں جمیل نے اپنی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول اسکور کرکے ڈی ایف اے قلات کی جیت یقینی بنادی۔ ڈی ایف اے مستونگ کے سراج نے 79 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کی طرف سے پہلا گول اسکور کیا تاہم ان کی ٹیم کے پاس برتری کے حصول کے لیے وقت ختم ہوچکا تھا۔ ڈی ایف اے قلات نے یہ میچ 1 کے مقابلے میں 3 گول سے جیت لیا۔ 

دوسرا میچ ڈی ایف اے سوراب اور ڈی ایف اے لسبیلہ کے درمیان اسی مقام پر کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے معینہ وقت کے دوران گول کرنے کی سرتوڑ کوششیں کیں تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اس انتہائی سنسنی خیز میچ کا فیصلہ پنالٹی اسٹروکس پر کیا گیا۔ ڈی ایف اے سوراب نے اپنی باری پر 2 گول اسکور کئے جبکہ ڈی ایف اے لسبیلہ 3 گول اسکور کرکے اس میچ کی فاتح بن کر سامنے آئی۔ 

دریں اثناء، خیبرپختونخوا میں بھی یہی ٹورنامنٹ اسی جوش و خروش سے جاری ہے۔ جمعرات کو ڈی ایف اے کوہاٹ کا کوہاٹ اسپورٹس کمپلیکس میں ڈی ایف اے ہنگو سے مقابلہ ہوا۔ کھیل کے 15 ویں منٹ میں ڈی ایف اے کوہاٹ کے ضیاء خان نے اپنی ٹیم کی طرف سے پہلا گول اسکور کیا۔ تماشائیوں میں اس وقت جوش و خروش مزید بڑھ گیا جب محض تین منٹ بعد ہی ضیاء خان نے اپنی ٹیم کی طرف سے دوسرا گول بھی اسکور کردیا۔ میچ کے 27 ویں منٹ میں انکے ساتھی کھلاڑی تنویر نے تیسرا اور فیصلہ کن گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت مستحکم بنادی۔ ڈی ایف اے ہنگو اپنی مسلسل جدوجہد کے باوجود کوئی گول اسکور نہ کرسکی اور یہ میچ 3-0 سے ہار گئی۔بلوچستان اور خیبر پختونخواہ ایڈیشنز کی فاتح ٹیمیں 3دسمبر کو پشاور میں کھیلے جانے والے ایک سپر فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے سپر 8، سیمی فائنل اور فائنل مقابلے پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔


أحدث أقدم