لاہور (ٹائمزآف چترال نیوز) سینئر قانون دان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئیں۔ گزشتہ رات دل میں تکلیف کی وجہ سے نجی ہسپتال لے جایا گیا ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، عاصمہ جہانگیر سماجی کارکن ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے لیے بھی کام کرتی رہی تھیں، اس کے علاوہ عدلیہ بحالی تحریک میں بھی انہوں نے فعال کردار ادا کیا۔ عاصمہ جہانگیر کے سوگواران میں ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
ان کی وفات پر سیاسی و سماجی رہنماوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ممتاز قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار سمیت دیگر سینیئر وکلا نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سابق وزرائےاعظم نواز شریف، چوہدری شجاعت اور یوسف رضا گیلانی سمیت سابق صدر زارداری نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان، خورشید شاہ، چوہدری پرویز الہٰی اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر سیاست دانوں نے بھی عاصمہ جہانگیر کی رحلت پر اظہار افسوس کیا اور دعائے مغفرت کی۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.