چترال (نمائندہ ٹائمزآف چترال) تحریک انصاف چترال کے ترجمان نے میڈیا میں آنے والی بعض خبروں جن میں چترال سے ممبر صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ پر سینٹ کے الیکشن میں ووٹ فروخت کرنے کا الزام لگایا گیا ہے کو رد کرتے ہوئے ان اخبارات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ انتخابات کے بعد بعض اخبارات میں یہ غلط خبریں شائع کی گئیں کہ پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ نے اپنا ووٹ فروخت کیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بی بی فوزیہ جس پینل میں شامل تھیں وہ امیدوار بھاری اکثریت سے سینٹ کی نشست میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں ۔ اس لئے ان پر شک کی گنجائش ہی نہیں رہتی ۔
ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی خبریں پھیلاکر بی بی فوزیہ اور تحریک انصاف کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جو کامیاب نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام اخبارات اور نشریاتی ادارے جنہوں نے اس طرح کے غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں شائع کی ہیں وہ از خود ان خبروں کی تردید کریں ورنہ ہم اپنا قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔
