رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں زرعی قرضوں کی فراہمی میں 22 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک آف پاکستان
اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال 2018-19ء کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر کے دوران زرعی قرضوں کی فراہمی میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر 2018ء کے دوران بینکوں کی جانب سے زرعی شعبہ کو 527.3 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے لئے زرعی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی کا ہدف 1250 ارب روپے مقرر کیاگیا ہے اور مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں شعبہ کو 527.3 ارب روپے کے قرضے جاری کئے جاچکے ہیں جو ہدف کے 42.2 فیصد کے مساوی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں اسلامی بینکوں کی جانب سے زرعی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 80 فیصد زائد رہی ہے تاہم اسلامی بینکاری کے شعبہ کی جانب سے زرعی شعبہ کو فراہم کردہ قرضہ جات مجموعی قرضوں کے 3 فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔
Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.