خیر پور میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والا اُستاد گرفتار
کراچی (ویب ڈیسک) سندھ کے علاقے خیر پور میں استاد کے روپ میں درندہ صفت انسان جو اپنے پاس پڑھنے آنے والے بچوں کے ساتھ بدفعلی اور ذیادتی میں ملوث تھا اسے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
خیر پور کے علاقے تھڑی میرواہ میں ٹیوشن سینٹر چلانے والا سارنگ شر 130 سے زائد بچوں کو ٹیوشن پڑھایا کرتا تھا، وہ بچوں کو ایک علیحدہ کمرے میں لے جاکر ان کو جنسی ذیادتی کا نشانہ بناتا اور ان کی ویڈیوز بھی بناتا تھا، اور ان ویڈیوز کو بلیک میلنگ کیلئے استعمال کرکے طلبا اور ان کے والدین سے پیسے بٹورتا تھا، ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ پولیس تک جاپہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کے سامنے آنے کے بعد بھی پولیس نے مبینہ طور پر ملزم سارنگ شر کو گرفتار کرنے میں سستی دکھائی اور معاملے کو دبانے کی کوشش کی ، یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پولیس نے ملزم سے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے رشوت لی اور ایس ایچ او بچوں کے والدین پر معاملےکو ختم کرنے کیلئے دباؤ بھی ڈالتا رہا ، تاہم سوشل میڈیا اور میڈیا پر خبر چلنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور بالآخر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم سارنگ شر بچوں کے حقوق کے تحفظ کی تنظیموں کا کارکن بھی تھااور اس حوالے سے مختلف سیمینارز میں تقاریر بھی کرتا تھا، مگر اس نقاب کے پیچھے کا گھناؤنا چہرہ جب بے نقاب ہوا تو اس مقدس پیشے سے وابستہ افراد کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

