گلگت کی وادی نلتر میں مسافر وین پر فائرنگ کرکے خواتین سمیت 6 افراد کو قتل کردیا گیا
گلگلت (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نےایک مسافر گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ جن میں بچے ، بوڑھے اور خواتین شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق ایک وین خواتین سمیت 18 مسافروں کو لے کر گلگت ٹاؤن سے نلتر جارہی تھی کہ سہ پہر تین بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے نلتر کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کردی۔ سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) گلگت مرزا حسن نے ڈان کو بتایا کہ واقعہ میں 6 مقامی افراد جاں بحق ہوئے جس میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 7 مسافر زخمی ہوئے۔ پولیس اور ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو سٹی ہسپتال گلگت منتقل کردیا۔
ایس ایس پی کے مطابق تمام زخمی افراد خطرے سے باہر ہیں اور انہیں علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ایس ایس پی مرزا حسن کی سربراہی میں پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حملے کی تحقیقات شروع کردیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ قراقرم ہائی وے پر مسافروں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.