- مصنوعی ذہانت اور بلاک چین ٹیکنالوجیز سے پاکستان آئی ٹی برآمدات 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے
- آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، صدر عارف علوی
اسلام آباد (اے پی پی 16 جون 2021):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی معیشت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں ، مصنوعی ذہانت اور بلاک چین جیسی ٹیکنالوجیز کی بدولت پاکستان اپنی آئی ٹی برآمدات کو 2023 ء تک 5 ارب ڈالر سے بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں جیو اسٹریٹیجک سے جیو اکنامک مرکز بننے کی طرف گامزن ہے، ملک کے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم وتربیت کے ذریعے ہنرمند بنانے کی ضرورت ہے۔
وہ بدھ کو یہاں ایوانِ صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پہلے آئی ٹی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے تقریب کے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی ایوارڈز کے اہتمام سے جہاں اس شعبے میں نمایاں کارکردگی کا اعتراف کیا گیا ہے وہیں دیگر برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ذہانت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اس حوالے سےہم نے کورونا وبا کے دوران ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلوں ، انسانیت کے احساس پر مبنی منصوبہ بندی اور اللہ سے تعلق کی بنیاد پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے تحت کامیابی حاصل کی ،
جس کا دنیا میں اعتراف کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج آئی ٹی جس رفتار سے ترقی کر رہی ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ پاکستان کو اس ترقی کے عمل کا حصہ بن کر بے پناہ امکانات سے استفادہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت دنیا میں بڑے سرمایے کی حامل کمپنیوں میں سب سے آگے آئی ٹی کمپنیاں ہیں ۔صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ملک ہے ، کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے ،
اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بھی رجوع کیا گیا لیکن دنیا اس وقت عالمی امور پر اخلاقیات کی بجائے مفادات کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے، دنیا کو اخلاقیات اور اصولوں پر مبنی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج درست سمت میں گامزن ہے اور تمام اشاریے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہماری قوم کی تقدیر جلد بدلنے والی ہے ۔ میں پاکستان کیلئے بہت پرامید ہوں جلد وہ وقت آئے گا جب ہم ایک مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔ صدر مملکت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2011ء میں پاکستان تحریک ِ انصاف کے پارٹی الیکشن میں ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا اور 35 لاکھ ممبرز کو الیکٹرانک ووٹنگ میں شامل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کامیاب تجربہ تھا۔ بحیثیت صدر مملکت میں نے اپنا پہلا آرٹیکل بھی مصنوعی ذہانت کے موضوع پر لکھا تھا۔
اس موقع پر پنجاب کے وزیر برائے آئی ٹی ، یاسر ہمایوں ، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ٹی ایوارڈز کے اجراء کو انڈسٹری کیلئے حوصلہ افزا ء قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نےکہا کہ اس انڈسٹری کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی زون کے قیام کے ذریعے مراعا ت و سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کیا جارہا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ، میاں طارق مصباح نے ایوارڈز کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد کرنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موجودہ بجٹ میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور ٹیکسوں میں رعایت دی ، جو کہ حوصلہ افزا ہے جس سے ملکی برآمدا ت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے وژن کےمطابق ہم آئی ٹی شعبہ کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں ، اس سلسلے میں سرکاری اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی آئی ٹی کمپنیوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔

ٹیکنالوجی میں سب سے پیچھے ہیں۔ ضرور اس امر کی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو موبائل گیمز میں لگانے کے بجائے گیمز بنانے والے بنائیں
ReplyDeletePost a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.