کسی طاقتور کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے نہ لحاظ کیا جائے ، کوئی مقدس گائے نہیں ، ،کمزور لوگوں پر رحم کیا جائے ، قانون کے نفاذ سے معاشرے میں خوشحالی آتی ہے : وزیراعظم
اسلام آباد(اے پی پی ، 16 جون 2021) وزیراعظم عمران خان نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کسی طاقتور کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے نہ لحاظ کیا جائے ،کوئی مقدس گائے نہیں ،کمزور لوگوں پر رحم کیا جائے ،قانون کے نفاذ سے معاشرے میں خوشحالی آتی ہے ۔اسلام آباد میں امن و امان کی بہتر صورتحال سے ملک کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہو گا ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سیف سٹی ہیڈ آفس کے دورے اور ایگل سکواڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ پولیس کا کام قانون کو نافذ کرنا ہے جس میں ملک میں پولیس اپنا کام صحیح طریقے سے کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے کیونکہ معاشرے میں امن ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قانون کے نفاذ کا مطلب محض چھوٹے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنا نہیں ، پولیس دیہاڑی دار مزدور اور کمزور طبقے کے ساتھ سختی سے پیش نہ آئے ، ان پر رحم کرے ، طاقتور کے ساتھ سختی سے پیش آئے اور اسے قانون کے نیچے لائے ،قانون کی عملداری اسی کا نام ہے۔انہوں نے پولیس کو تاکید کی کہ طاقتور پر ہاتھ ڈالنے سے گریز نہ کیا جائے نہ ان کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے اور نہ کسی کا لحاظ کیا جائے، کوئی مقدس گائے نہیں ، اگر میں بھی قانون توڑوں یا کوئی وزیر تو کارروائی کی جائے ۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو میں پولیس کے خلاف کارروائی کروں گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ جس معاشرے میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے ، قانون کا نفاذ نہ ہونے سے ہی ہم ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں، جن ملکوں میں پولیس مستعدی اورایمانداری سے کام کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے فرمایا تھا کہ اگر آپ ۖ کی بیٹی فاطمہ بھی قانون توڑیں گی تو سزا کی حقدار ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ترقی نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قانون کا طاقتور پر نفاذ نہیں کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی ،سیف سٹی منصوبہ کے لئے جس قسم کی مدد درکار ہو گی حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے یہاں مثالی نظام ہونا چاہئے کیونکہ ساری دنیا کے لوگ اسلام آباد آتے ہیں اس سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا ۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو عزت دی ہے اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اسلام آباد پولیس کی تقریب میں دوسری بار شریک ہو کر پولیس کو عزت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایک کے سوا تمام ناکے ختم کر دیئے گئے ہیں ۔ایک سو پچاس موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے ، پولیس کو پٹرولنگ اور نگرانی کے لئے 4چار جدید گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں ،
پولیس ناکے ختم ہونے سے شہریوں باالخصوص مری اور گلیات جانے والے سیاحوں کی مشکل آسان ہو گی اور انہیں چیکنگ کے لئے روکا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے ،ملازمین کی تنخواہیں بھی بڑھائی گئی ہیں ، اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں اور پلگوں میں کچرا ہے ۔
اسلام آباد پولیس کو بہترین فورس بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے خواتین اہلکاروں اور پٹرولنگ گاڑیوں کی تعداد بڑھانے کے لئے اجازت اور فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کو چاروں صوبوں کی طرح لاء اینڈ آرڈر الائونس دینے کی بھی درخواست کی۔ وزیر داخلہ نے بتایاکہ ای پاسپورٹ شروع کیا جارہاہے یہ بہت بڑا اقدام ہو گا ، فیس میں 2ہزار اضافے کے بعد 48گھنٹوں میں پاسپورٹ دیں گے ، ویزے آن لائن کر دیئے ہیں ،چینی باشندوں کو 3ماہ کے بجائے 2سال کا ویزا دے رہے ہیں چینی حکومت نے بھی ہمارے اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.