کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، اس میں اسلاموفوبیا کا عنصر موجود ہے ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، اس میں اسلاموفوبیا کا عنصر موجود ہے ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا بیان

اسلام آباد(اے پی پی۔  8 جون 2021):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعہ،میرے نزدیک دہشت گردی کا واقعہ ہے اور رپورٹس کے مطابق اس میں اسلاموفوبیا کا عنصر موجود ہے ،

یہ واقعی کینیڈین حکومت اور معاسرے کے لئے امتحان ہے ۔ منگل کو کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعہ کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ متاثرہ فیملی کے ساتھ پہلا رابطہ ٹورانٹو میں ہمارے قونصل جنرل کا ہوا ۔ فیملی، اس المناک سانحہ کے باعث کرب کا شکار ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے ان کو میتیں پاکستان بھجوانے کی پیشکش کی تاہم متاثرہ فیملی نے وہیں تدفین کرنے کے متعلق آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ تین بے گناہ، بے قصور نسلیں اس واقعہ سے متاثر ہوئی ہیں۔



وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی تحقیقات کے مطابق اس واقعہ میں اسلاموفوبیا کا عنصر موجود ہے،میرے نزدیک یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے قونصل جنرل تورانٹو نےبتایا کہ اس سلسلے میں پولیس کا رویہ اطمینان بخش ہے،جو باڈیز ملیں وہ قابل شناخت نہیں ، ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہو رہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں بطور وزیر خارجہ پاکستان،کینیڈین وزیر اعظم سے کہوں گا کہ یہ کینیڈین حکومت اور معاشرے کا امتحان ہے ، وہ کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیر خارجہ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس متاثرہ خاندان کے ساتھ مل کر اظہار یکجہتی کریں، اگر نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ملتی ہے تو فزیکلی شامل ہوں ورنہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کریں۔

Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post