پاکستان، اپر کوہستان بس حادثے میں 9 چائینیز سمیت 13 افراد جان بحق ہوگئے ، 39 زخمی ہیں ، یہ افراد داسو ڈیم پر کام کر رہے تھے
پشاور ( ویب ڈیسک) اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم حادثے میں 13 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 9 چائنیز اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں، جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے، تاحال حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں چینی کارکنوں کو لے جانے والی بس مکینیکل خرابی کے بعد کھائی میں گر گئی، حادثے کے نتیجے میں گیس کا رساؤ ہوا جس سے دھماکا ہوا، اور المناک واقعے میں 9 چینی باشندوں اور 3 پاکستانی افراد کے سمیت 13 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران حادثے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان سے بس حادثے میں چینی شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے چینی شہریوں، کمپنیوں، پروجیکٹس اور اداروں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.