کیپٹل مارکیٹ میں نئی شریعہ کمپلائنٹ پراڈکٹس کیلئے میزان بینک اور این سی سی پی ایل کے درمیان معاہدہ!
کراچی:ملک کی کیپٹل مارکیٹ میں نئی شریعہ کمپلائنٹ پراڈکٹس کیلئے میزان بینک نے نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (NCCPL)کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت میزان بینک این سی سی پی ایل کو مرابحہ شیئر فنانسنگ سسٹم (‘MSF’)متعارف کرانے میں مدد فراہم کرے گا۔ ملک میں اسٹاک بروکرز اور ان کے صارفین کو شریعہ کے مطابق فنانسنگ فراہم کرنے کیلئے نان بروکر کلیئرنگ ممبر کی حیثیت سے این سی سی پی ایل نے نیا شریعہ کمپلائنٹ اسٹاک فنانسگ مرابحہ شیئر فنانسنگ سسٹم (‘MSF’)متعارف کرایا ہے اور میزان بینک اس سسٹم میں شامل ہونے والا ملک کا پہلا بینک ہے۔
معاہدے پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام اور این سی سی پی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد لقمان نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں اسلامی مصنوعات کے تناسب کو بڑھانے اور شریعہ کے مطابق نئے مالیاتی وسائل کیلئے مل کرکام کریں گے۔
اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے کہاکہ اسلامک کیپٹل مارکیٹس اسلامی مالیاتی نظام کا لازمی جزوہیں اوران میں صارفین کی ضروریات کے مطابق نئی مصنوعات کی وسیع گنجائش ہے۔ اس تعاون کے ذریعے میزان بینک کا مقصد اس شعبے کیلئے نئی پراڈکٹ ڈیولپمنٹ سے وابستہ چیلنجزپر قابو پانا ہے جبکہ ترقی کے ساتھ ساتھ معاشی سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس موقع پر این سی سی پی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد لقمان نے کہاکہ اس معاہدے کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں شریعہ کے مطابق نئی اور جدید پراڈکٹس متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.