پی ٹی سی ایل گروپ کی چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی مہم اختتام پذیر ہوگئی
اسلام آباد: پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن گروپ، پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے زیراہتمام چھاتی کے سرطان سے متعلق ایک ماہ طویل آگاہی مہم اپنے اختتام کو پہنچی۔ مہم کا اختتام معروف انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے تعاون سے منعقدہ ایک آن لائن سیمینار پر کیا گیا جس کا مقصد خواتین ملازمین کو اس مرض کی روک تھام اور بروقت تشخیص کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
پی ٹی سی ایل گروپ کی مہم چھاتی کے سرطان کے متعلق آگاہی کی عالمی تحریک ’پنک ٹوبر‘ کا حصہ تھی۔ آن لائن سیمینار میں مہمان مقرّر، ڈاکٹر سائرہ محمود نے چھاتی کے سرطان کی از خود جانچ کے ذریعے بروقت تشخیص کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص کے ذریعے اس جان لیوا بیماری سے مکمل صحت یابی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G نے اکتوبر کے اوائل میں ”پنک ٹوبر“آگہی مہم کا آغاز کردیا تھا جس کے تحت پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹر اور یوفون ٹاور کی عمارتوں کو گلابی روشنیوں سے سجادیا گیا اورکمپنی کے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ان کے کارپوریٹ لوگوز کو بھی گلابی کردیا گیا تاکہ اس قابلِ علاج بیماری کے متعلق شعور اُجاگر کیا جاسکے۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے تعاون سے ایک ایس ایم ایس براڈکاسٹ مہم بھی چلائی تاکہ ملک بھر میں اپنے تمام صارفین کو بھی اس بیماری کی روک تھام کے متعلق آگاہ کیا جاسکے۔ چھاتی کے کینسر کے از خود معائنے کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک ہفتہ وار رائے شماری مہم چلائی گئی تاکہ علامات کے ذریعے بیماری کی بروقت تشخیص میں خواتین عملے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
اس کے علاوہ، پی ٹی سی ایل اور یوفون نے 'دی پنک کلب' کے تحت ایک جامع ڈیجیٹل مہم چلائی جس کا مقصد تمام خواتین ملازمین میں بیماری اور اس سے وابستہ خطرے کے عوامل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ پی ٹی سی ایل اور یوفون کے عملے نے پاکستان سے چھاتی کے سرطان کے مکمل خاتمے کے لئے گروپ کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرنے کے لیے اکتوبر کے پورے مہینے کے دوران گلابی رنگ کے ربن پہنے رکھے۔
پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام کے لیے کارپوریٹ شعبے کی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔ کمپنی کی مہم کا مقصد اس موذی مرض کے متعلق شعور اُجاگر کرنا اور اس کی روک تھام کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو لاحق خطرات اور علاج معالجے اور مریضوں کی دیکھ بھال کی بھاری معاشرتی اور معاشی لاگت پر قابو پایا جاسکے۔ چھاتی کے سرطان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پاکستان کی اجتماعی کوششیں اور عزم قابلِ تعریف ہیں، جس سے آئندہ برسوں میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی متوقع ہے۔