کراچی:پاکستان کی سب سے بڑی آئی پی پی حبکو نے کامران کمال کو نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقررکیا ہے۔ اس سے پہلے خالد منصور 8سال تک حب پاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رہے۔ کامران کمال گزشتہ 6سال سے حبکو کی ہائیڈل سبسڈری لاریب انرجی کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے حبکو کے ساتھ وابستہ ہیں۔ کامران کمال اس سے پہلے حبکو اور چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ (CPIH)کے مشترکہ منصوبے چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (CPHGC) کے نائب صدر تھے۔ کامران کمال کا بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر تقرر حبکو کے شیئر ہولڈرز کا اپنی کمپنی کے ٹیلنٹ پر اعتماد کااظہار ہے۔
کامران کمال نے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں بھرپور مواقع موجودہیں۔ حبکو کی بے مثال تکنیکی مہارت،بزنس اور اسٹریٹیجک جغرافیائی موجودگی ہمیں اپنے ملک کی بہتر خدمت کیلئے منفردمواقع فراہم کرتی ہے۔
کامران کمال کو توانائی، انفرااسٹرکچر،کموڈیٹیز،بزنس ڈیولپمنٹ اور اسٹریٹجی میں ترقی پسند اور لیڈرشپ کا 18سال سے زائد کا تجربہ ہے۔ کامران نے بڑے کیپٹل پراجیکٹس، ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مینجمنٹ، ایگزیکٹو اور بورڈ میں ذمہ داری ادا کی ہے جبکہ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز اور جارجیا یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجنئرنگ میں بی ایس ای کی ہے۔
اس سے پہلے کامران کمال اینگرو ایگزیمپ ایف زیڈ ای کے ٹریڈ ہیڈ تھے جہاں پر وہ فرٹیلائزر، کول، آئل سیڈزاور شوگر ٹریڈنگ پورٹ فولیوکو دیکھتے تھے۔ انہوں نے کمپنی کی گروتھ کو نئے جغرافیے اور کموڈیٹیز پورٹ فولیو میں شامل کیا۔ اینگرو میں ذمہ داریوں کے دوران کامران توانائی اور انفرااسٹرکچر کے بڑے منصوبوں میں بھی شامل رہے جن میں تھرکول مائننگ اینڈ پاور پلانٹ، ایل این جی فلوٹنگ ٹرمینل اور آر ایل این جی بیسڈ پاور پلانٹ شامل ہیں۔
کامران کمال کی قیادت میں حبکو قابلِ تجدید توانائی، پاورسیکٹر کیلئے مرچنٹ مارکیٹ اور پائیدار سلوشنز میں تنوع پر اپنی توجہ مرکوز کرکے مارکیٹ لیڈر کی حیثیت سے اپنا مقام برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ پاور سیکٹر، ریگولیٹری انوائرمنٹ اور کلیدی ایکسٹرنل اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کامران کمال کے تجربے سے پاور سیکٹر میں حبکو کے موقف کومزید تقویت ملے گی۔

Post a Comment
Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.